• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان کیلئے فوجی تربیتی پروگرام کی بحالی، ٹرمپ نے توثیق کردی، سلامتی تعاون کے دیگر پروگرام معطل رہیں گے

پاکستان کیلئے فوجی تربیتی پروگرام کی بحالی، ٹرمپ نے توثیق کردی


واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکا نے پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے معطل پروگرام کو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کے دیگر پروگرام معطل رہیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توثیق کردی، امریکی انتظامیہ کے مطابق فیصلہ امریکا کی قومی سلامتی اور دونوں ممالک کے فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ 

گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطے کے 24 گھنٹوں بعد امریکا کے محکمہ خارجہ برائے جنوبی اور وسط ایشیائی امور کی جانب سے ٹوئٹر پر پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے معطل پروگرام کو بحال کا اعلان کیا۔

امریکا نے گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے معطل پروگرام کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم تازہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ ʼصدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ فوجی تربیت کے پروگرام بحال کرنے کی توثیق کی ہے۔‘

اعلان کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی اور دونوں ممالک کے فوجی تعاون کو مضبوط بنانے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم امریکا کی جانب سے سلامتی کے دیگر معاون پروگرام معطل رہیں گے۔

صدر ٹرمپ نے 2018 پاکستان کے لیے فوجی امداد کو بند کر دیا تھا۔ پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں شرکت امریکی فوجی امداد کا ایک چھوٹا حصہ تھا۔

امریکا نے پاکستان کے لیے فوجی تربیت کے دروازے 1950 میں کھولے تھے جب پاکستان سیٹو اور سینٹو جیسے فوجی اتحادوں کا حصہ تھا۔

تازہ ترین