• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر کی حیثیت سے عشرت العباد کا کردار فروغ نسیم کو دینے کا امکان

کراچی (حیدر نقوی) معلوم ہوا ہے کہ طاقت کے مرکزی حلقوں نے بیرسٹر فروغ نسیم کو گورنر سندھ بنائے جانے کے لیے غوروخوص شروع کردیا ہے، امکان ہے جلد ہی سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست پر فیصلے کے بعد بیرسٹر فروغ نسیم کو عمران اسماعیل کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے حلقے دعویٰ کررہے ہیں کہ اس تجویز پر جلد ہی عمل درآمد کا امکان ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل پی ٹی آئی کے بانیوں میں سے ہیں، انہیں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ 

نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے انداز سیاست کو مکمل طور پر بدلنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اتحادی و اپوزیشن جماعتوں کو ملک کی ترقی کی خاطر ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں اور جلد ہی وہ کچھ اور بہت بڑے فیصلے کریں گے۔ 

فروغ نسیم کو گورنر بنانے کا فیصلہ اس لیے بھی کیا جارہا ہے کیونکہ جو کردار مشرف دور اور پھر اس کے بعد پی پی اور نواز شریف کے دور میں بھی عشرت العباد نے بطور گورنر ادا کیا اب وہ ہی کردار ایک لمبے عرصے کے لیے فروغ نسیم کو دیا جائے گا اور وہ حکومت اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گے کیونکہ فروغ نسیم کو قانونی امور پر بھی گرفت ہے اس لیے وہ موجودہ حکومت کے لیے سندھ میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی سندھ میں بڑی اتحادی متحدہ قومی موومنٹ کی شکایات کا بھی ازالہ ہوسکے گا۔ کیونکہ فروغ نسیم سابق صدر پرویز مشرف کے انتہائی قریبی مانے جاتے ہیں اس لیے GDA کو بھی اس پر کوئ اعتراض نہیں ہوگا۔ 

اٹلی سے اعلی تعلیم یافتہ عمران اسماعیل کو اگست 2018 میں گورنر سندھ مقرر کیا گیا تھا اور وہ پی ٹی آئی کے بانیوں میں سے ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق سندھ میں پی ٹی آئی کے ایک ایک ورکر سے ناصرف ذاتی طور واقفیت رکھتے ہیں بلکہ پارٹی کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ کرسکتے ہیں کیونکہ اُن کا اور عمران خان کا پچیس سال سے زیادہ پرانا تعلق ہے اور وہ وزیر اعظم کے انتہائی قریب مانے جاتے ہیں اور وزیر اعظم کے ذہن کو سمجھتے ہیں۔ 

پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مطابق اگر عمران اسماعیل کو تبدیل کیا جاتا ہے تو یہ کارکنوں کے لیے ایک مایوس کُن خبر ہوگی کیونکہ عمران اسماعیل کارکنوں کا بہت زیادہ خیال رکھتے ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق اگر فروغ نسیم کو گورنر مقرر کیا جاتا ہے تو ملیکہ بخاری کو وزیر مملکت برائے قانون مقرر کیا جائیگا جو پہلے سے وزارت قانون میں فروغ نسیم کے ساتھ قانون سازی میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔

تازہ ترین