• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FBR نے ٹیکس چوروں کی نشاندہی کیلئے مخبروں کی خدمات حاصل کرلیں

ملتان (نمائندہ جنگ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایکشن میں آگیا‘ ٹیکس چوروں کی نشاندہی کیلئےوسل بلورز( Whistle Blowers) مخبروں کی خدمات حاصل کرلیں‘ مخبری درست ہونے پر بھاری انعام دیا جائے گا۔ مخبروں کی رجسٹریشن ہوگی‘ ان کا نام خفیہ رکھا جائے گا‘ ایک لاکھ سےزائدکرایہ لینے‘دینےوالوں کی نگرانی ہوگئی۔ 

ذرائع نے بتایا کہ ملتان سمیت ملک بھر میں انکم ٹیکس آرڈنینس 2001ء کی سیکشن 237، سینسر ایکٹ 1990 کی شق 50 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے تحت وسل بلورز مخبر کو ان لینڈ ریونیو آفس‘ ڈائریکٹریٹس، جنرل کمشنرٹیس اور ڈیٹا پروسیسنگ سنٹر کے مجاز افسران کودی گئی مخبری درست ثابت ہونے پر بھاری رقم کیش ایوارڈ دیا جائے گا۔ 

چوری شدہ سیلزٹیکس‘ انکم ٹیکس‘ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سبب بنیں گے‘ مخبروں کی رجسٹریشن ہوگی‘ان کا نام خفیہ رکھا جائے گا‘ رجسٹریشن کے لیے سی این آئی سی‘ نیشنل ٹیکس نمبر درکار ہوں گے۔ 

ایف بی آر نے سال 2020ء میں نئے مخبروں کی خدمات حاصل کرلی ہیں‘ اس سے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے۔

ادھر ایف بی آر نے کرایہ پر دی گئی پراپرٹی کے مالکان کے خلاف شکنجہ تیار کرلیا‘ ایک لاکھ سے زائد کرایہ لینے اور دینے والوں ٹیکس نیٹ میں لایا جارہاہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملتان سمیت ملک بھر میں بڑی بڑی بلڈنگ‘ پلازہ جات‘ کمرشل جائیدادوں کا ایک لاکھ روپے سے زائد کرایہ لینے اور دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جارہا ہے۔ 

صوبائی حکومتوں (محکمہ ایکسائز) سے ایف بی آر نے کرایہ دار اور مالکان کی فہرستیں مانگ لی ہیں۔

تازہ ترین