• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی ایکٹ ترمیم، اجلاس 6 جنوری کو دوبارہ طلب

3 جنوری کو اجلاس کی کارروائی میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تھی، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ 


آرمی ایکٹ، ائیر فورس ایکٹ اور نیوی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کی دفاع کمیٹی کا اجلاس 6 جنوری کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق 3 جنوری کو اجلاس کی کارروائی میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس ایک بار پھر طلب کر لیا گیا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس 6 جنوری کو دوبارہ ہوگا، قائمہ کمیٹی اجلاس میں آرمی، ائیر فورس اور نیوی ایکٹس میں ترمیم دوبارہ زیرغور آئیں گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے غلط طریقہ کار سے قائمہ کمیٹی دفاع کے گزشتہ اجلاس کی کارروائی چلائی، اجلاس کی صدارت پارلیمانی سیکریٹری کیپٹن جمیل احمد نے کی تھی جو قواعد کے مطابق صدارت نہیں کر سکتے تھے۔

کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد ایوی ایشن ڈویژن کے پارلیمانی سیکریٹری ہیں اور قواعد کو نظرانداز کرتے ہوئے قائمہ کمیٹی دفاع کے 3 جنوری کو اجلاس کی صدارت ان سے کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق بلز کی منظوری کے وقت کیپٹن جمیل نے ممبران سے بلز پر ووٹنگ نہیں کرائی، اب 6 جنوری کو ہونے والے قائمہ کمیٹی اجلاس کی صدارت چیئرمین امجد خان نیازی کریں گے۔

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے 3 جنوری کے اجلاس میں ارکان سینیٹ کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم اب 6 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں سینیٹ کی دفاع کمیٹی کے ارکان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تینوں بلز کی منظوری دی تھی۔

تازہ ترین