• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگرملز ریفرنسز میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسبملی میں قائد حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، یہ محفوظ فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔

عدالت نے اسی کیس میں مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17جنوری تک توسیع کر دی ۔

احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت جیل حکام نے رمضان شوگر ملز کیس میں گرفتار حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا، ملزمان کے وکیل نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواستیں جمع کرائیں۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں بیرونِ ملک ہیں، جبکہ ان کا اپنا علاج بھی جاری ہے۔

وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں 9 اور 15 جنوری کو چیک اَپ کا وقت دیا ہے، استدعا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

نیب پراسیکیوٹر نے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ شہباز شریف کے وکیل کو خود علم نہیں کہ وہ کب واپس آئیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے، استدعا ہےکہ ملزم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جائیں ۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر مستقل حاضری معافی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا، یہ فیصلہ 17جنوری کو سنایاجائے گا۔

احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جنوری تک توسیع کر دی۔

تازہ ترین