• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا


وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلٹی اسٹورز کے بارے میں جیو نیوز کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے۔

جیونیوز نے بدین میں یوٹیلٹی اسٹورز کا سامان مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کی خبر نشر کی تھی۔

ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی سامان کھلی مارکیٹ میں فروخت ہونے پر برہم ہوگئے اور زونل منیجر کے نام پیغام میں کہا کہ واقعے کی وزیراعظم ہاؤس نے وضاحت مانگی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: یوٹیلٹی اسٹور کا سامان عام مارکیٹ میں فروخت

عمر لودھی میڈیا کو درست انداز میں ہینڈل نہ کیے جانے پر زونل منیجر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ 25،25 سال کا تجربہ رکھنے کے باوجود آپ لوگ میڈیا کو مینج نہیں کرپاتے؟

آڈیو پیغام میں ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے صحافیوں کے لیے تضحیک آمیز انداز اختیار کیا اور کہا کہ اس ملک میں منہ بند کرانے کے 10ہزار طریقے ہیں۔

انہوں نے زونل منیجر سے یہ بھی کہا کہ بات سمجھنا چاہتے ہیں تو سمجھ لیں، کسی کا منہ بند کرنا ہو تو پانچ کلو چینی یا آٹا دے دو، پتہ نہیں آپ کو کب عقل آئے گی۔

عمر لودھی نے پیغام میں زونل منیجر سے استفسار کیا کہ وزیراعظم ہاؤس کو کیا وضاحت دوں کہ یہ میری یا میرے عملے کی نالائقی ہے۔

ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے واضح الفاظ میں کہا کہ کراچی زونل منیجر اور ریجنل منیجر کو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر اب کہیں سے منفی تاثر ملا تو متعلقہ زونل منیجر ذمے دار ہوں گے، اگر اب منفی خبر آئی تو برطرفیاں ہوں گی۔

واضح رہے کہ ضلع بدین میں وزیر اعظم کے یوٹیلٹی اسٹور پیکیج کے تحت پہنچنے والا سامان مبینہ طور پر عام مارکیٹ میں فروخت ہورہا ہے۔

فروخت ہونے والے سامان گھی، چینی، آٹا، چائے کی پتی اور دیگر اشیاء خور و نوش پر وزیراعظم اسکیم کا مونو گرام بھی موجود ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز بدین کے ریجنل مینجر عبد ل سمیع شیخ کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی شکایت نہیں ملی شکایت آئی تو دیکھیں گے۔

تازہ ترین