• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس چوروں کیخلاف چھاپے، FBR نے ٹیمیں بنانے کی ہدایت کردی

لاہور( این این آئی‘آن لائن )فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس چوروں کے خلاف ملک بھر میں منظم چھاپہ مار کارروائی کرنے کیلئے فیلڈ فارمیشنز تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ۔یہ ہدایات چند بڑے ٹیکس نادہندگان کی ٹیکس چوری میں ملوث ہونے کی رپورٹس آنے کے بعد سامنے آئیں اور ان کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت متعدد کارروائیوں کے لیے نشاندہی بھی کی گئی ہے۔کراچی‘لاہور‘ فیصل آباد،ملتان، میں ٹیکس چوروں کی نشاندہی‘ منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی ہدایتکی گئی ہے،میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشیر اللہ خان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اور انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کی تمام فیلڈ فارمیشنز کو ٹیکس چوروں، ٹیکس فراڈ کرنے والوں، منی لانڈرنگ کرنے والوں اور دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم کی تعمیل نہ کرنے والوں اور ٹیکس چوروں کے خلاف منظم چھاپوں کو ملک بھر تک وسعت دی جائے گی۔اب تک ٹیکس چوروں کی نشاندہی کراچی، فیصل آباد، لاہور اور ملتان سے سامنے آئی ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس سے کہا گیا ہے کہ وہ ان غیر رجسٹرڈ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کریں جو ٹیکس ادائیگی کے قابل اشیا ء بنا رہے ہیں اور اس کے باوجود سیلز ٹیکس کیلئے رجسٹر نہیں ۔اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ملتان نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو اپنی حدود میں پلاسٹک کے پائپ اور واٹر ٹینکس بنانے والے غیر رجسٹرڈ افراد کے خلاف کارروائی کریں گی۔

تازہ ترین