• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

الیکشن کمیشن تقرریاں، ڈیڈ لاک برقرار، وزیراعظم کا شہباز شریف کو خط، چیف الیکشن کمشنر کیلئے 3 نام تجویز

الیکشن کمیشن تقرریاں، ڈیڈ لاک برقرار


اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل، آئی این پی)چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے جسکی وجہ سے کمیٹی اجلاس ایک بار پھر بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

حکومت اور اپوزیشن کمیٹی ارکان نے پیر کو چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق ہو جا نے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ فائنل نہیں ہوا،امید ہے پیر تک چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے ناموں پر اتفاق ہو جائیگا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نئے نام تجویز کردیئے ہیں۔

تجویز کردہ تینوں نام سابق وفاقی سیکرٹریز کے ہیں جن میں جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ شامل ہیں۔گزشتہ ماہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے 3 نام وزیراعظم کو بھجوائے تھے۔

شہبازشریف کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں میں ناصرمحمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اوراخلاق احمد تارڑ شامل ہیں۔

علاوہ ازیں جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے تقرر کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر ،الیکشن کمیشن کے سند ھ اور بلوچستان کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے نئے نام کمیٹی میں پیش کرنے تھے مگر حکومت نے نئے نام کمیٹی اجلاس میں پیش نہیں کئے،جسکی وجہ سے اپوزیشن نے بھی اپنے نام کمیٹی میں پیش نہ کئے ۔

تازہ ترین