• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں ملاوٹ کیخلاف کاروائیاں جاری رہینگی‘ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

پشاور (لیڈی رپورٹر) خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ملاوٹ کیخلاف کاروائیاں جاری رہینگی کے پی فوڈ اتھارٹی کا عملہ ہمہ وقت چوکس رہتا ہے، ماڈل شاپس کیلئے تاجرتنظیموں کیساتھ مذاکراتی عمل تقریبا مکمل ہوچکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس میں کیا ۔ ان کاکہنا تھا کہ عوامی تعاون سے گھروں کے اندر واقع مضر صحت اشیائے خوردونوش بنانے والی فیکٹریوں کیخلاف موثر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن ڈاکٹر عظمت وزیر نےکہا کہ روز ہونے والے کریک ڈاون میں پہاڑی پورہ کے علاقے میں اشیایے خوردونوش کا انسپکشن کیا گیا جہاں دودھ میں ملاوٹ پر ایک ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کیا گیا جبکہ زائد المیعاد اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت پر دو جنرل سٹورز کو بھی تالے لگادئے گئے۔ فوڈ سیفٹی آفیسر واصف شاہ اور احمد علی شاہ نے بتایا کہ غیر معیاری پاپڑ سپلائی کرنے والے وین کا کھوج لگاتے ہوئے پاپڑ کی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں استعمال شدہ گندے ریپرز کو پاپڑ اور چپس کے پیکنگ کیلئے دوبارہ استعمال کیا جاتا تھا۔ کاروائی کے دوران تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جب کہ فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔
تازہ ترین