• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ گراسیا کرکٹ کلب نے جیت لیا

بارسلونا(جواد چیمہ) بارسلونا میں جاری ٹی 20کرکٹ ٹورنامنٹ گراسیا کرکٹ کلب نے فالکو کرکٹ کلب کو ہرا کر جیت لیا۔اس ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر مقامی ریسٹورنٹ میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر تھے۔ تقریب میں کھلاڑیوں کے علاوہ معززین کمیونٹی نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبولﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپین میں کرکٹ کی مقبولیت ہر روزبڑھ رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی خاص کلب کا نہیں ہوں ، میری کوشش رہی ہے کہ میں اسپین میں پاکستان کے کھیلوں کرکٹ،والی بال ، کبڈی کے فروغ میں کردار ادا کروں۔ میرے لئے تمام کلبز اور کھلاڑی برابر کی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارا نوجوان مثبت سر گرمیوں کی جانب مائل ہے اور اپنے کام سے وقت نکال کر اسپورٹس کی طرف توجہ دے رہاہے۔ دیگر مقررین نے خطاب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کوئی معنی نہیں رکھتی آپ کے اندر اسپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ ہونا چاہئے جوعملی زندگی میں کردار ادا کرتا ہے۔ مقررین نے بارسلونا اسپین میں کاروباری طبقہ کو بھی باور کرایا کہ آپ لوگ آگے آئیں اور کھیلوں کی ترویج اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے عملی اقدام اٹھائیں جس طرح چوہدری امانت حسین مہر نے یہاں پر کرکٹ گرائونڈ کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اور اپنے نوجوانوں کو میدانوں کی طرف راغب کیاہے۔ تقریب میں کھلاڑیوں میں میڈل ٹرافیاں اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ جیتنے والی ٹیم کو چوہدری امانت حسین مہر نے تالیوں کی گونج میں ٹرافی دی۔
تازہ ترین