• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SSP شکارپور کی خفیہ رپورٹ پر عوام 2 حصوں میں بٹ گئے

شکارپور(نامہ نگار) ایس ایس پی شکارپور کی جانب سے صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ ودیگر کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہونے کی خفیہ رپورٹ حکامِ اعلیٰ کو بھیجنےاور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش پر شکارپور کے عوام دو حصوں میں بٹ گئے،شیخ ہائوس سے نکالی گئی ریلی میں ڈاکٹر رضوان، بروہی ہائوس سے نکالی گئی ریلی میں امتیاز شیخ کیخلاف نعرے لگائےگئے۔تفصیلات کےمطابق شہر کی تاجر اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے امتیاز شیخ کی رہائشگاہ شیخ ہاؤس سے احتجاجی ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نےایس ایس پی شکارپور کے خلاف سخت نعرے لگاتے ہوئےمختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شکارپور پریس کلب پہنچ کر دھرنا دیا۔ بعد ازاں تاجر تنظیموں کے رہنماؤں ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی رضوان احمد نے اپنی ناکامیوں کو پس پردہ رکھتے ہوئے امتیاز احمد شیخ ودیگر پر بے بنیاد الزامات لگانےکی جو اوچھی حرکت کی ہے ،ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ایس ایس پی نے نہ صرف شہر کا امن و امان تباہ کر رکھا ہےبلکہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے ایک شریف النفس انسان اس کے بھائی،بیٹے اور بھتیجے پر کیچڑ اچھالا ہے۔ حکومت سمیت اعلیٰ حکام سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ایس ایس پی کا شکارپور سے تبادلہ کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کو واپس لیا جائے۔بصورت دیگر شہر میں شٹر بند ہڑتال کرتے ہوئے کاروبار بند رکھا جائے گا۔ دوسری جانب ایس ایس پی شکارپور کی حمایت اور قادر بخش عرف بابوبروہی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے بروہی برادری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بروہی ہاؤس سے ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شکارپور پریس کلب پہنچے جہاں امتیازشیخ نامنظور،ایس ایس پی شکارپور زندہ آباد کے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر شیر زمان بروہی،شاہ زمان بروہی، میر حسن بروہی و دیگر نے کہا کہ ایس ایس پی رضوان احمد ایک فرض شناس اور بہادر افسر ہے،جس نے شہریوں کو یرغمال بنانے والے شیخ برادران کے خلاف حق کا پرچم سربلند کیا ہے۔ضلع شکارپور کو ایسے ہی نڈر افسران کی ضرورت ہے جو قانون کی بالادستی کے لئے سخت اقدامات اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔صرف سیاسی مخالفت کی بنیاد پرامتیاز احمد شیخ اور اس کے بھائی مقبول احمد شیخ کی سرپرستی میں ہمارے نوجوان قادر بخش بروہی کے قاتل کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایس ایس پی رضوان احمد کو بنا کسی سیاسی رکاوٹ کے اپنا کام کرنے دیا جائے اور مقتول قادر بخش بروہی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے شیخ برادران کو پیپلز پارٹی سے رخصت کیا جائے۔

تازہ ترین