• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عمران خان اب بھی تیار ہیں، اپوزیشن تعاون کرے، نعیم الحق

عمران خان اب بھی تیار ہیں، اپوزیشن تعاون کرے، نعیم الحق 


کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم کو بہت مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں جس میں سمجھوتہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے موقع کیلئے خود اپنی تقریر لکھی بہت مدبرانہ اور دوستی والی تقریر تھی۔

اپوزیشن نے وہ تقریر ہی نہیں کرنے دی، اپوزیشن تقریر ہونے دیتی تو ملک کا جمہوری و سیاسی ماحول آج یکسر مختلف ہوتا،وزیراعظم عمران خان اب بھی تیار ہیں۔

اپوزیشن ترقیاتی و فلاحی کاموں اور خارجہ پالیسی پر حکومت سے تعاون کرے۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ انڈیا کا اگلا فالس فلیگ آپریشن کسی جہاز کی ہائی جیکنگ ہو سکتا ہے۔چیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن عاصم رضا احمد نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی درکار مقدار مہیا کرتی ہے تو 45روپے میں آٹا فراہم کریں گے۔

سندھ حکومت نے پاسکو سے گندم مانگنے کا فیصلہ بہت تاخیر سے کیا،گندم سندھ پہنچ جاتی ہے تو تین چار دنوں میں بحران پر قابو پالیا جائے گا۔نعیم الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات اتنے شدید نہیں جتنے سمجھے جارہے ہیں۔

اتحادی جماعتوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے حکومت کے پاس مالی وسائل نہیں ہیں،اتحادی جماعتیں صبر کا مظاہرہ کریں ان کے تمام مطالبات پورے کریں گے،نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال پر نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلے کیے گئے عمران خان کی مرضی شامل تھی۔

عمران خان تمام فیصلوں میں براہ راست ملوث تھے، ہماری سیاست میں کچھ لو اور کچھ دو کا معاملہ رہتا ہے، اگر کسی شخص کی آرزو پوری نہیں ہورہی تو وہ تنقید کرتا ہے، نواز شریف کے معاملہ میں کچھ لو اور کچھ دو کا کوئی عمل نہیں ہوا۔

نواز شریف کو باہر گئے دو مہینے ہوئے ہیں اس معاملہ میں جلدی کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہئے، ابھی کھیل ختم نہیں ہوا وقت باقی ہے بہت کچھ ہورہا ہے اور ہوتا رہے گا۔

عاصم رضا احمد نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو ابھی بھی گندم نہیں دی گئی نہ ان کی طرف سے ڈیمانڈ کی گئی ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن نے دو مہینے پہلے حکومت کو سبسڈی کیلئے خط لکھ دیا تھا۔

حکومت سبسڈی میں اپنا حصہ اٹھاتی تو ہم کوئٹہ میں 900روپے میں آٹا مہیا کرتے، پنجاب میں آٹے کا کسی قسم کا بحران نہیں تھا خیبرپختونخوا میں فائن آٹے کا بحران ہے جو پنجاب سے جاتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں پنجاب سے گندم کی ترسیل بحال ہوگئی ہے وہاں دو تین دن میں قیمتیں نارمل ہوجائیں گی، خیبرپختونخوا میں فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت میں ڈھائی سو روپے کمی ہوجائے گی، مکئی کی زیادہ قیمتوں کی وجہ سے فیڈ ملز کو آٹھ لاکھ گندم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی اسی وجہ سے آج بحران پیدا ہوا ہے۔

انسانوں کیلئے جو گندم تھی وہ مرغیوں کو کھلا دی گئی، وہ آٹھ لاکھ ٹن گندم دستیاب ہوتی تو کسی صوبے میں بحران نہیں ہوتا، ہمارے پاس گندم کے ضرورت کے مطابق ذخائر موجود ہیں، حکومت نے باہر سے بھی گندم درآمد کرنے کا آپشن رکھا ہے۔

پاسکو سے سندھ کو دی گئی گندم جنگی بنیادوں پر ٹرانسپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، این ایل اسی کل سے دس ہزار ٹن گندم کراچی ٹرانسپورٹ کرے گی، سندھ کی مقامی اور پاسکوکی گندم ملا کر ضرورت پوری ہوجائیگی۔

ریئل اسٹیٹ مافیانے گندم خرید کر رکھی ہے تو ہمیں علم نہیں ہے، ہمیں گندم پرائیویٹ سیکٹر سے آتی ہے کسی نئی پارٹی نے ہمیں گندم نہیں بیچی، پنجاب میں آٹے کی دستیابی کا مسئلہ نہیں ہے۔

امجد شعیب نے مزید کہا کہ بھارت کی طرح سویلین آبادی پر فائرنگ کرنا پاکستان کا شیوہ نہیں ہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان دشمن فوج کے مورچوں کو نشانہ بنائے گا۔

بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ حقیقت کے قریب خطرہ ہے، بھارت میں دیوندر سنگھ نامی پولیس افسر پکڑا گیا ہے جو پارلیمنٹ حملے سے اس طرح کے کاموں میں ملوث ہے، پلوامہ حملے میں بھی وہ اس جگہ پر موجود ہے، امریکی و یورپی سفیروں کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کے موقع پر یہ سیکیورٹی انچارج تھا۔

دیوندر سنگھ کی پوسٹنگ اب اینٹی ہائی جیکنگ فورس میں کر دی گئی تھی، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگلا فالس فلیگ آپریشن کسی جہاز کی ہائی جیکنگ ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین