مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خط کا جواب دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر شہباز شریف نے عمران خان کے چند روز قبل لکھے گئے خط کا جواب دیا۔
اپوزیشن لیڈر نے جوابی خط میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کردیے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کئی بار بے نتیجہ طور پر ختم ہوئے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کو 15 جنوری کو خط لکھا تھا جس میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نام تجویز کیے تھے۔
عمران خان نے جو نام تجویز کیے تھے وہ تینوں سابق وفاقی سیکریٹریز جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجا کے تھے۔
اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ بامعنی مذاکرات کے لیے آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا زیرِ التوا معاملہ حل کرنا چاہتا ہوں، آپ کو ازسرِ نو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔