• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف کمیونٹیوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، لارڈ میئر مانچسٹر

مانچسٹر (جنگ نیوز) مانچسٹر میں کرسمس پارٹی کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کی صدارت مقدسہ بانو نے کی جبکہ لارڈ مئیر آف مانچسٹر کونسلر عابد چوہان اور برطانیہ کے شیڈو وزیر خارجہ افضل خان ایم پی مہمانان خصوصی تھے۔ پروگرام کی نظامت نصر اللہ خان مغل اورسہیل حیدر سہوترا نے کی جبکہ ابتدائی دعا میں پاسٹر رفعت زمرد اور فادر فلک شیر نے کشمیر کے علاوہ ایران، امریکہ تنازع اور آسٹریلیا کے واقعات پر خصوصی دعا کرائی۔ مہمان خصوصی کونسلر عابد چوہان لارڈ مئیر مانچسٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر ایک ملٹی کمیونٹی علاقہ ہے جہاں بہت سی کمیونٹیاں مل جل کر رہتی ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ مختلف کمیونٹیوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے پروگراموں کا انعقاد کریں اور کردار ادا کریں۔ رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ہر طرف اختلاف کا دور دورہ ہے۔ کوئی ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔ ایک طرف ایران اور امریکہ تنازع نے دنیا کو تباہی کے دھانے پر کھڑ اکر دیا ہے تو دوسری طرف مسئلہ کشمیر نے خطرناک صورت حال اختیار کر رکھی ہے۔ انسان ہی انسان کا دشمن بنا ہوا ہے۔ تاہم مجھے خوشی ہے کہ ایسے میں چند صحافیوں نے دنیا میں امن و سکون اور باہمی دوستی کی بنیاد رکھی اور یہ کام میرے حلقہ انتخاب سے شروع ہوا ہے۔ میں اس مشن میں اپنا مکمل تعاون پیش کروں گا اور اس مشن کا ہر اول دستہ بنوںگا۔ تقریب کی صدر مقدسہ بانونے کہا کہ یہ پریس کلب آف پاکستان یو کے کی پالیسی کا حصہ ہے کہ ہم مختلف کمیونٹیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے کرسمس ’’ایسٹر‘‘ عیدین اور دیگر تہواروں پر پارٹیاں منعقد کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ ہم ان تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے جو ہماری ان پالیسیوں کی حمایت و مدد کریں گے۔ محبوب الٰہی بٹ نے کہا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے جہاں صحافیوں کی بہبود کے لئے کام کر رہا ہے وہیں پریس کلب کی یہ کوشش بھی ہے کہ پاکستان کی مختلف کمیونٹیوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ میں ایک نسلی اقلیت کے طور پر رہتے ہیں اور ہم یہاں اپنی کمیونٹی میں سنسنی خیزی کو قبول نہیں کر سکتے۔ ہم نے صحافیوں کے لئے تربیتی کورسز کا اہتمام کیا۔ قومی دن منائے اور یہاں کی کمیونٹی کو خوشی دی۔ اس کے لئے ہم نے مختلف پروگرام منعقد کئے ہیں جو آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ تقریب میں سانتا کلاس کی انٹری سب سے دلچسپ رہی جبکہ سانتا نے تقریب میں موجود ہر شخص کو تحفہ دیا۔ بچوں نے سانتا کا تالیاں بجاکر سانتا کا استقبال کیا۔ بعد ازاں موسیقی کی محفل منعقد ہوئی جس میں ریاض گل ’’ظہیر سہوترا‘‘ صفدر رانا، منجیت سنگھ اور دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ ان کے ساتھ طبلے پر سنگت کاشف مسیح نے کی۔

تازہ ترین