• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عمران خان عالمی اقتصادی فورم کیلئے آج ڈیوس جائینگے، ٹرمپ سے ملاقات طے

عمران خان عالمی اقتصادی فورم کیلئے آج ڈیوس جائینگے، ٹرمپ سے ملاقات طے


اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آج سوئٹرز لینڈ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ خصوصی سیشن سے خطاب کریں گے اورمقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کو بھی اجاگر کریں گے، وزیر اعظم عمران خان ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے بان اور ایگزیکٹو چیئرمین کلاز شواب نے وزیراعظم عمران خان کو عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔اعلامیے کے مطابق ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس آج 21 جنوری کو شروع ہوگا اور 23 جنوری تک جاری رہے گا۔وزیراعظم عمران خان اس دورے کے دوران عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن میں شریک ہوں گے اور پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ میں کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ نمائندوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کئی عالمی رہنماؤں سے غیررسمی ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں سے اہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں اور جولائی 2019 کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان تیسری ملاقات ہوگی۔وزیراعظم عمران خان ڈیوس میں فورم کے بین الاقوامی میڈیا کونسل کے سیشن میں عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

تازہ ترین