• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

٭٭… روغن فاسفورس کا احسان…٭٭

خواجہ حسن نظامی نے ایک مرتبہ اپنے اخبار’’منادی‘‘ میں لکھا کہ میں ڈاکٹر اقبال کو ہندوستان کا عظیم شاعر نہیں سمجھتا۔ انہیں دنوں ڈاکٹر اقبال کے گھٹنوں میں درد ہوگیا خواجہ صاحب نے انہیں اپنا روغن فاسفورس بھیجا جس سے انہیں افاقہ ہوگیا ۔ انہوں نے خواجہ صاحب کو خط لکھا کہ’’مجھے آپ کے روغن سے افاقہ ہوا ہے ۔‘‘ خواجہ حسن نظامی نے وہ خط اپنے اخبار’’منادی‘‘ میں شائع کردیا کہ اس تیل کے متعلق شاعر اعظم ڈاکٹر اقبال کی کیا رائے ہے ۔ تو ڈاکٹر اقبالؔ نے ’’منادی ‘‘ اخبار پڑھ کر کہا کہ ’’شکر ہے خواجہ صاحب کے روغن فاسفورس نے مجھے شاعر اعظم تو بنادیا۔‘‘

٭٭… چندہ……٭٭

حفیظ جالندھری شیخ سر عبدالقادر کی صدارت میں انجمن حمایت اسلام کے لئے چندہ جمع کرنے کی غرض سے اپنی نظم سنارہے تھے۔

مرے شیخ ہیں شیخ عبدالقادر

ہوا ان کی جانب سے فرماں صادر

نہیں چاہتے ہم سخن کے نوادر

ہے مطلوب ہم کو نہ گریہ نہ خندہ

سنا نظم ایسی ملے جس سے چندہ

جلسے کے اختتام پر منتظم نے بتایا کہ آج کے جلسے میں پونے تین سو روپے چندہ جمع ہوا ہے ۔

حفیظ جالندھری نے مسکراتے ہوئے کہا۔’’سب ہماری نظم کا اعجاز ہے جناب!‘‘

’’لیکن حضور‘‘...منتظم نے بہت متانت سے بتایا۔’’دو سو روپیہ ایک ایسے شخص نے دیا ہے ،جو بہرہ ہے ۔‘‘

٭٭………٭٭

٭…ایک صاحب ذوق نے نے اکبر کو لکھا۔’’ میں صاحب ذوق ہوں۔ آپ کی الہامی شاعری کا پرستار اور والہ و شیدا، اتنی استطاعت نہیں کہ آپ کے دیوان یا کلیات کو خرید کر پڑھ سکوں۔ اس لیے ازراہ علم دوستی اپنے دیوان کی ایک جلد بلا قیمت مرحمت فرما کر ممنون فرمائیے۔‘‘

خط دیکھ کر کہنے لگے۔’’ اور سنئے … آج مفت دیوان طلب فرما رہے ہیں، کل فرمائش کریں گے کہ صاحب ذوق ہوں، مفت میں ’’ جانکی بائی‘‘ کا گانا سنوا دیجیے۔‘‘

تازہ ترین