• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی سے متعلق خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں، سعید غنی

آئی جی سے متعلق خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں، سعید غنی


وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی جی سندھ کلیم امام سے متعلق خدشات درست ثابت ہورہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کلیم امام وزیراعظم سے بھی زیادہ طاقت ور ہیں تو کیا کرسکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق آئی جی اس طرح کی تقریر نہیں کرسکتے، یہی حرکتیں کرنی ہیں تو کلیم امام عہدہ چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کریں اور حلیم عادل شیخ بن کر ہمارے سامنے آئیں۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ پنجاب کے لیے آئی جی کا فیصلہ وزیراعظم اور سندھ کے لیے منظوری وفاقی کابینہ سے لینا دہرا معیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 5 آئی جی تبدیل ہوئے، کسی نے عہدے سے چمٹے رہنے کی کوشش نہیں کی، کابینہ سے منظوری نہیں لی تو کیا اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے آئی جی غیر قانونی طور پر ہٹائے گئے؟

سعید غنی نے یہ بھی کہاکہ یہ ذہن میں رکھیں ہم سوتیلے ہیں، پنجاب میں آئی جی کی تبدیلی کے معاملے میں کوئی خدائی خدمت گار بھی سامنے نہیں آیا جو عدالت چلا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی کے تبادلے پر صرف سندھ ہی میں قیامت آتی ہے کہیں نہ کہیں تانے بانے جڑے تھے تب ہی آئی جی کی تبدیلی پر چند لوگوں کو تکلیف ہوئی۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور آئی جی دونوں کو آگ لگی ہوئی ہے، کلیم امام کو آئی جی کی جگہ پی ٹی آئی جی ہوجانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء پر جھوٹے الزامات لگانے والا کوئی افسر قبول نہیں، اپوزیشن کو نعرہ لگانا چاہیے قدم بڑھاؤ کلیم امام ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین