کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی ہے جس میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے سندھ میں آئی جی پولیس کو تبدیل کرنےکی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ اختلافات اور غیر یقینی صورتحال سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کی درخواست پر گورنر سندھ نے بھی وزیر اعلیٰ سندھ کی حمایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کے لیے زیر غور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کرنے کے لیے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ میں اتفاق ہوگیا ہے۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
اس سے قبل آج وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ایئرپورٹ پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دورہ کراچی میں تاجر برادری سے بھی ملاقات کریں گے، انہیں کراچی پیکیج سمیت وفاقی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔