لاہور…سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ بھارت کا برتری مسلط کرنے کا خواب پرانا ہے، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا ۔
لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیرز کے زیر اہتمام بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف اقدامات پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، اپنے خطاب میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ ’را ‘کی نظریں بلوچستان پر ہیں، ہم پر مشرقی پاکستان والی جنگ مسلط کی جا رہی ہے، یہ جنگ مسلط کرنے والے جان لیں کہ پاکستان تر نوالا نہیں ۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستان کے حامیوں کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں جن کا مقابلہ مل کر کرنا ہو گا۔
سینئر قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا کہ پاکستانی حکومت بنگلہ دیش کو مساوی احترام دے اور زیادہ سے زیادہ وفود کا تبادلہ کیا جائے۔