• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آجکل کرہٴ ارض کو مختلف ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے، جس کی اہم وجہ ماحول میں مسلسل رونما ہونے والی تبدیلیاں اور ان تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل ہیں۔ لہٰذا ہر انسان کو قدرتی آفات، گلوبل وارمنگ، سردی اور گرمی کی زیادتی اور اس جیسے دیگر ماحولیاتی مسائل کے بارے میں لازمی شعور ہونا چاہیے ۔

ہمارا سیارہ شدید ترین ماحولیاتی بحران کے دہانے پر کھڑا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی تلخ حقیقت ہمارے سامنے ہے، زمین کا بڑھتا ہوا درجہ حرارت گرمی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ تاہم یہ واحد ماحولیاتی مسئلہ نہیںہے، جس سے متعلق ہمیں فکر مند ہونا چاہئے۔ پوری دنیا میںلوگ ہر روز مختلف ماحولیاتی مسائل پر مبنی نئے چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں، جن میں سے کچھ معمولی نوعیت کے ہیں جبکہ کچھ ماحولیاتی نظام کو متاثر کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ 

کچھ مسائل تو ایسے ہیں جو تیزی سے ماحول میں تبدیلی لانے کا باعث بن رہے ہیں۔ جب تک ہم ان مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ان کاتدارک نہیں کریں گے تب تک موسمیاتی آفات و تباہی سے محفوظ نہیں رہ سکتے۔

اگر آلودگی کو اس وقت صفر کردیا جائے تو بھی فضا، پانی اور مٹی میں پائی جانے والی آلودگی سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے سینکڑوں سال درکار ہوں گے۔ دھواں دیتی گاڑیاں، صنعتیں، دھاتیں، نائٹریٹ، پلاسٹک اور انتہائی زہریلے فاسد مادے و کیمیائی اجزاء آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ

٭ پانی کی آلودگی کی وجہ تیل کا اخراج، تیزاب، بارش اور شہری علاقوں میں بہنے والا فضلہ ہے۔

٭ مٹی کی آلودگی بڑی حد تک صنعتی فضلے کے سبب ہے، جو اسے ضروری نباتات سے محروم رکھتی ہے۔

٭ فضا میں آلودگی صنعتوں اور کارخانوں سے نکلنے والی مختلف گیسوں، زہریلےمواد اور سلگتے ایندھن کی وجہ سے ہے۔

کسی بھی انسان کے لیے جن ماحولیاتی مسائل پر فوری توجہ مبذول کرنے کی بے حد ضرورت ہے، وہ ذیل میں درج ہیں۔

گلوبل وارمنگ

زمین کے اوسط درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کو’گلوبل وارمنگ‘ کا نام دیا جاتاہے۔ آب و ہوا کی تبدیلی یاگلوبل وارمنگ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا نتیجہ ہے۔ ماحولیاتی ماہرین گلوبل وارمنگ کی وجہ آتش فشانی کا عمل، گرین ہاؤس گیسز کا اخراج اور منفی انسانی سرگرمیوں مثلاًجنگلات کی کٹائی، فصلوں میں نائٹروجن کھاد کا استعمال وغیرہ کو قرار دیتے ہیں۔ گلوبل وارمنگ کے اثرات میں گلیشیرز کا پگھلنا، سطح سمندر میں اضافہ، ماحولیاتی تبدیلی، خشک سالی، زراعت میں کمی، جنگلات میں آگ اور سیلاب کا خطرہ شامل ہیں۔

آبادی میں اضافہ

آبادی میں بڑھتا اضافہ بھی ماحولیاتی مسائل میں اضافے کی ایک وجہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 1800ء کے آغاز پر انسانی آبادی تقریباًایک ارب تھی اور جوکہ آج 7.5ارب سے بھی تجاوز کرچکی ہے جبکہ 2100ء تک اس کے 10ارب سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ دنیا کی آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث قدرتی وسائل میں تیزی سے کمی آرہی ہے، دنیا کے کئی ممالک کو پانی، ایندھن اور خوراک کے وسائل میں کمی کا سامنا ہے۔ ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ممالک میں بڑھتی ہوئی آبادی پہلے سے موجود وسائل پر دباؤ بڑھانے کا سبب بن رہی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آبادی میں اضافے سے پیدا ہونے والےمسائل کے بارے معاشرے میں شعور اُجاگر کیا جائے۔

قدرتی وسائل کی کمی

قدرتی وسائل کی شرح میں کمی ایک اور اہم ماحولیاتی مسئلہ ہے ۔ کوئلے اور تیل (Fossil Fuel) کا استعمال گرین ہاؤس گیسز کےاخراج کا سبب بن رہا ہے،جو کہ ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کا ذمہ دار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر کئی ممالک توانائی کے قابل تجدید ذرائع مثلاًسولر انرجی، ونڈ انرجی، بائیو گیس اور جیو تھرمل انرجی کی طرف منتقل ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ 

ایسے میں کوئلہ اور تیل استعمال کرنے والے ڈھانچے کی لاگت میں کمی اور ان کے بہتر استعمال پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔ چنانچہ یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ ان قدرتی وسائل کو کسی منصوبہ بندی کے تحت استعمال میںلایا جائے تاکہ مستقبل کیلئے بھی انہیں محفوظ کیا جاسکے۔

ماحولیاتی تبدیلی

ماحولیاتی تبدیلی (کلائیمٹ چینج) اہم ماحولیاتی مسائل میں سے ایک ہے، جس کا سامنا ہم پچھلی دو دہائیوں سے زیادہ کررہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کی اصل وجہ گلوبل وارمنگ، خام تیل کے جلائے جانے کا عمل اور صنعتوں سے خارج ہونے والی نقصان دہ گیسوں کا اخراج ہے، جو دراصل ماحول کے درجہ حرارت میں اضافہ کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ 

جنوبی ایشیا، بالخصوص پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔ ایک طرف شمالی علاقوں میں موجود گلیشیئرز پگھلنے لگے ہیں تو دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں سمندری پانی ساحلوںکو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہا ہے۔

جنگلات کا خاتمہ

زمین کا 30فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہرسال اٹھارہ ملین ایکڑ رقبے پر پھیلے جنگلات کاٹ دیے جاتے ہیں۔ جنگلات کا خاتمہ ماحول کے آلودہ ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ درختوں کا اہم کام کاربن گیس جذب کرنا ہے۔ سائنس وٹیکنالوجی کی ترقی، مشینوں کا استعمال اور جنگلات کے کٹاؤ کے سبب زمین کے گرد موجود حفاظتی تہہ (اوزون) میں شگاف پڑ گیا ہے۔ اگر جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کو نہ روکا گیا تو دنیا میں بسنے والے تمام لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑجائیں گی۔

تازہ ترین