• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان جونیجو نے ولاگنگ چھوڑنے کا اعلان کردیا

پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو نے ولاگنگ (Vlogging) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور  ولاگر عرفان جونیجو نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’آئی کوئٹ‘ (I Quit) کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی۔

عرفان جونیجو نے اپنی اِس ویڈیو میں اِس بات کا اعلان کیا کہ وہ اب مزید ولاگنگ نہیں کریں گے۔

عرفان جونیجو نے کہا کہ ’میں اب کسی بھی ایونٹ میں نہیں جاتا ہوں اور نہ ہی کسی ایوارڈ شو میں جاتا ہوں، مجھے دعوت نامے بھی آتے ہیں لیکن میں نہیں جاتا ہوں۔‘

پاکستانی یوٹیوبر نے کہا کہ ’میں نےٹوئٹر چھوڑ دیا ہے، میں نے کیمرہ کا استعمال بھی پہلے سے کم کردیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جیسے جیسے میری شہرت میں اضافہ ہوا ہے ویسے ویسے میری زندگی آرام دہ ہوتی جارہی ہے اور یہ سب مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے ولاگز بنانا اس لیے شروع کیا تھا کیونکہ مجھے ولاگز دیکھنا بہت پسند تھا، مجھے لگتا تھا کہ ولاگز بنانے میں بہت مزہ آتا ہوگا۔‘

عرفان جونیجو نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم تھا کہ ولاگنگ کے ذریعے میں اپنے خوابوں کو پورا کروں گا۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’برازیلی فٹ بالر ونالڈینو سے ملاقات کرنے سے لے کر اپنی ذاتی بائیک لینے کا خواب میں نے ولاگنگ کی دُنیا میں آکر ہی پورا کیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب کوئی انجان شخص مجھے کہیں ملتا ہے تو کہتا ہے کہ میں آپ کی ویڈیوز دیکھتا ہوں اور میں آپ کے کام سے بہت مُتاثر ہوتا ہوں تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اِن سب کے ساتھ ہی میں احساسِ کمتری اور بے چینی کا بھی شکار رہتا ہوں اور یہ سب ولاگنگ کی وجہ سے ہورہا ہے‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو شخص پہلے خوشیوں سے بھرپور زندگی گزار رہا تھا وہ آہستہ آہستہ ایک عام شخص کی طرح ہوتا جارہا ہے۔

عرفان جونیجو نے کہا کہ ’یہ سب میرے ساتھ اُس وقت ہونا شروع ہوا تھا جب میرے یوٹیوب کے سبسکرائبر 5 لاکھ سے زیادہ ہوگئے تھے۔‘

یوٹیوبر نے کہا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ میں یوٹیوب چھوڑ رہا ہوں اور اب کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں کروں گا۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’میرا اگر دل کرے گا تو میں ولاگز بناؤں گا ورنہ نہیں بناؤں گا۔‘

عرفان جونیجو نے کہا کہ ’اب میری زندگی کا مقصد صرف ولاگ نہیں ہے بلکہ میں جو بنانا چاہتا ہوں وہ بناؤں گا اور جس وقت پر بنانا چاہوں گا اس وقت پر بناؤں گا۔‘

واضح رہے کہ عرفان جونیجو کا شمار پاکستان کے بڑے اور نامور یوٹیوبرز میں ہوتا ہے اور اُن کے ولاگز سے مُتاثر ہوکر پاکستان میں بہت سے نوجوانوں نے ولاگنگ کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔

تازہ ترین