چائے کی دریافت آج سے تقریباً پانچ ہزار سال قبل چین کی سرزمین میں ہوئی، یعنی چائے یا قہوہ کی دریافت کاسہرا ایک چینی شہنشاہ کے سر ہے، جس نے سادہ پانی کے ذائقے کو بدلنے کے لئے چائے کے پودے کے چند پتے گرم پانی میں شامل کروائے۔ اس نئے ذائقہ کو سب نے اچھا محسوس کیا۔ ابتدامیں اس کا استعمال صرف شاہی خاندان ہی کرتا تھا۔
اس کے استعمال سے تازہ دم ہوجانے کی خوبی کے باعث بعد میں اسے فوجیوں کو روزانہ پلانے کاحکم جاری کیا گیا اوریوں یہ قہوہ یا چائے شاہی خاندان سے نکل کرعام لوگوں میں بھی مقبول ہوتی چلی گئی۔ قہوہ یا چائے کی مختلف اقسام ہیں اور ان کا استعمال پاکستان میں بہت عام ہے۔ اگر صحت کے حوالے سے بات کی جائے تو سبز چائے (گرین ٹی) کے فوائد بہت ہیں، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں اسے مقبولیت حاصل ہے۔
میٹا بولک ایکشن کے ذریعے چربی جلانا
ماہرین کے مطابق سبز چائے موٹاپا کم کرنے کے عمل میں جسم کو میٹابولک ایکشن کے ذریعے سہولت فراہم کرتی ہے۔ ہر انسان کے موٹاپے کی نوعیت مختلف ہوتی ہے لیکن سبز چائے ہر کسی کو فائدہ پہچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ سبز چائے میں موجود کیفین جسم کی کارگردگی بڑھاتی ہے۔
دل کی حفاظت
سبز چائے میں ایک مرکب دریافت ہوا ہے، جو خون کی رگوں اور شریانوں کی تنگی اور سختی کو دور کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ شریانوں میں چربی جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے اور بڑھتے بڑھتے سخت بلاک کی صورت میں ڈھل جاتی ہے۔ اس طرح دل کو آکسیجن سے بھرپور خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ویسے تو اس عمل میں برسوں لگتے ہیں لیکن جب بند شریانوں کا خطرہ سامنے آتا ہے تو اس کے بہت سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
اس ضمن میں سبز چائے کا باقاعدہ استعمال بڑی حد تک اس پریشانی کو دور کرسکتا ہے۔ ماہرین نے ایک مشترکہ تحقیق کے بعد کہا ہے کہ سبز چائے کے خشک پتوں میں ایک پیچیدہ کیمیکل ’ایپی گیلوکیٹیچن تھری گیلیٹ‘ پایا جاتا ہے۔ سائنسدانوں نے تجربہ گاہ میں ثابت کیا ہے کہ یہ مرکب ایک خاص پروٹین پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کا نام ایپولائپو پروٹین اے ون ہے۔
دانتوں کیلئے مفید
سبز چائے میں بیکٹیریا کو ختم کرنے کی خاصیت پائی جا تی ہے، اسی لئے اسے دانتوں کی صحت کیلئے بھی موزوں سمجھا جا تا ہے۔ سبز چائے کو چینی کے بغیر پینے کی کوشش کریں تاکہ اس کا دانتوں پر اثر نہ ہو۔
الزائمر کیلئے بہترین
دیگر تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ سبز چائے دماغ کے خلیوںکی حفاظت کرتی ہے اورا نہیں بے کار ہونے سے بچاتی ہے۔ سبز چائے بڑھتی عمر میں یادداشت اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بچنے اورپارکنسزجیسی بیماری کے خطرات کو کافی حد تک روکنے میں مدد کرتی ہے۔ اگر بہت زیادہ ٹینشن ہو تو سبزچائے پینے سے سکون ملتا ہے۔
کینسر کےخطرات کم کرنا
سبز چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کینسر کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔ اس میں اینٹی آکسائیڈ ہوتا ہے، جس سے جسم کو قدرتی طور پر مضبوط بنانے اور دفاعی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیق کرنے والے تجویز دیتے ہیں کہ روزانہ سبز چائے کا پینا، کینسر کے بڑھتے ہوئے خطرات کو روکتا ہے۔ پروسٹیٹ کینسر اور بڑی آنت کے کینسر سے بچنے کے لیے یہ مفید ہے۔
کولیسٹرول
سبز چائے خون میں خراب کولیسٹرول کو کم کر تی ہے جبکہ صحت کے لیے ضروری کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتی ہے۔
ہاضمہ اور سر درد
بدہضمی سے ہونے والی گیس اور سردرد کے لیے سبزچائے میں الائچی ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔ الائچی معدے میں موجود لعابی جھلی کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے یہ تیزابیت کے لیے مفید ہے۔
امراض قلب یاذیابطیس کا خطرہ کم ہونا
ماہرین کے مطابق سبز چائے انجائنا اور ذیابطیس ٹائپ ٹو کو کنٹرول کرتی ہے۔ اگر آپ پابندی سے سبز چائے پیتے رہیں تو خون میں شوگر کے اضافے کو بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ امراض قلب کی روک تھام کے سلسلے میں سبز چائے میں موجود اجزا خون کی شریانوں میں کولیسٹرول میں اضافے کے خلاف ایک مستحکم اور مضبوط دفاعی نظام فراہم کرتے ہیں۔ ہائی کولیسٹرول فالج اور دل کے دورے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔
سبز چائے روزانہ
سبز چائے کو اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کرکے جلد ہی آپ اپنی صحت میں بہتری لاسکتے ہیں۔ سبز چائے کا ذائقہ آپ کو شایدتھوڑا سا کڑوا لگ سکتا ہے، جس کے لیے آپ اس میں لیموں یا شہد شامل کرلیں۔ سبز چائے کا روزانہ استعمال آپ کو حیرت انگیز نتائج دے سکتا ہے۔