• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکڑی سے صرف فرنیچر ہی تیار نہیں کیا جاتا بلکہ اس سے ماحول دوست مکانات بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ بیرون ممالک عام طور پر لکڑی کے مکانات کو اس انداز سے بنایا جاتا ہے کہ مرکزی چھت کھلے آسمان کی سیر کرائے جبکہ تمام کمرے، باورچی خانہ اور باتھ روم میں چار اطراف کھڑکیاں اس طرح نصب ہوں کہ دھویں اورہوا کے لیے کہیں سے بھی آنے جانے میں رکاوٹ نہ ہو تاکہ گھٹن یابوسیدگی کے اثرات پیدا نہ ہوں۔

لکڑی میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ یہ حدت پیدا نہیں کرتی۔ اس سے بہت خوبصورت کاٹیجز اور وِلاز بنائے جا سکتے ہیں۔ جدید دنیا میں لکڑی سے بنے مکانات ایک بار پھر رواج پارہے ہیں۔ بالخصوص جب سے آلودگی نے کرہ ارض کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے، تب سے ماحول دوست اور فطرت شناس مکانات کی تعمیر کا رجحان پروان چڑھ رہا ہے۔ کنکریٹ اور فولاد سے بنے مکانات کےجنگل میں لکڑی سے بنے مکانات نہ صرف آپ کو انفرادیت بخشتے ہیں بلکہ ایسے مکانات آکسیجن سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔

پارک ہاؤس، آسٹریلیا

آرکیٹیکچر فرم ٹین ففٹی فائیو کا تعمیرکردہ پارک ہاؤس آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں واقع ہے۔ لکڑی کے اس ڈھانچے کا مجموعی اثر حیران کن ہے۔ سیاہ اسٹیل والی کھڑکیوں میں لکڑی کا استعمال بہترین امتزاج پیش کرتا ہے۔ 

عمارت کے پچھلے حصے میں آؤٹ ڈور یااِن ڈور لیونگ روم بنانے کے لیے کافی جگہ موجود ہے۔ عمارت کے اندرونی حصوں میں ایسا مٹیریل استعمال کیا گیا ہےجو وقت کے ساتھ خراب نہیں ہوتا۔ باورچی خانے اورقیام گاہ کو استعمال کردہ لکڑی سےتیاری کیا گیا ہے، جو ابھرواں چھت سے جاملتی ہے۔

وِلا Kget، فرانس

فرانس میں لکڑی سے بنا وِلا Kget بونٹے اینڈ میگوزی آرکیٹیکٹس کے کرسٹوف میگوزی کی دماغی کاوش ہے، جسے 2016ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ یونانی اساطیراور بحیرہ روم کی ثقافت سے متاثر ہوکر معمارنے اس تکونی ساخت والی عمارت کو’’یولیسس‘‘ کے بحری بیڑوں کی یاد میں تعمیر کیا۔ 

یہ کنٹینر ساخت کا مثلث نما گھرمختصر جگہ پر فن تعمیر کا دیدہ زیب نمونہ مانا جاتا ہے۔ عمارت کے ڈھانچے کو ڈگلس ووڈ سے لیمینیٹ کیا گیا ہے جبکہ اس کا احاطہ لارچ (دیودار کی قسم کا درخت) کی لکڑی سے عمودی طور پر کھڑا کیا گیا ہے۔

ڈوم ہوم، چین

چین کے شہر گومنگ میں واقع لکڑی سےبنے جدید گھر ’ڈوم ہوم‘ کو ٹیموتھی اوولٹن نے2015ء میں مکمل کیا تھا۔ ڈیزائنر نے کمپنی ملازمین کے رہنے اور کام کرنے کے لئے ایسے آٹھ شاندار گول مکانات بنائے تھے۔ یہ عمارت معجزاتی تعمیراتی دستکاری کا ایک نمونہ ہے۔ 

ڈوم ہوم کو اس طرح تعمیر کیا گیا ہے کہ اس سے ماحولیاتی آلودگی پر کم سے کم اثر پڑتا ہے۔ عمارت کا خول لکڑی سے بنا ہوا اور یہ مکمل طور پراپنے سہارے کھڑا ہے،جس میں کوئی ستون یا کالم نہیں۔ اندرونی سجاوٹ آرام دہ اور پُرسکون منظر پیش کرتی ہے۔

ایموروسو ریذیڈنس، امریکا

وینس بیچ سے تعلق رکھنے والی تعمیراتی فرم الیکٹرک باوری نے2017ء میں ایموروسو ریذیڈنس کے نام سے لاس اینجلس میں ایک نجی مکان ڈیزائن کیا تھا۔ اس کا رقبہ ایک ہزار سے 3ہزار مربع فٹ کے درمیان ہے۔ چہار اطراف سبزے کی چادر اوڑھے یہ عمارت تین بیڈروم پر مشتمل ہے۔ 

اس کی محرابی و مخروطی ساخت مکان کی دلکشی میں اضافہ کرتی ہے جبکہ بلند و بالا چھتیں، مسحور کن ’کسٹم مل ورک‘ اور فرش سے چھت تک قد آدم شیشے والےسلائیڈنگ دروازے اسےقدرتی روشنی سے مالا مال کرتےہیں۔

تازہ ترین