• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے چند ماہ میں قابل ذکر ترقی کی، آئی ایم ایف

پاکستان نے چند ماہ میں قابل ذکر ترقی کی، آئی ایم ایف


انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی گزشتہ چند ماہ کی ترقی کو قابل ذکر قرار دے دیا۔

عالمی مالیاتی ادارے اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں قابل ذکر ترقی کی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق مستحکم اقتصادی پالیسیوں سے اصلاحات میں تیزی لائی گئی، گزشتہ سال دسمبر تک تمام شعبوں کی کارکردگی میں ریکارڈ بہتر آئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا کہ پاکستانی حکام سے مذاکرات تعمیری اور نتیجہ خیز رہے ہیں، کارکردگی کے حوالے سے پاکستان نے تمام معاشی اہداف پورے کیے ہیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ توقعات سے بھی بہتر رہا، آئی ایم ایف پروگرام پر تیز عمل درآمد بورڈ کو فیصلہ کرنے میں آسانی پیدا کرے گا۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوا ہے جبکہ ایکسچینج ریٹ حقیقت کے قریب ہے، ملک میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے اپنے دوسرے اقتصادی جائزے کے لیے 3 سے 13 فروری تک پاکستان کا دورہ کیا، اقتصادی پروگرام پر عمل درآمد سے ترقیاتی و سماجی شعبے کے لیے فنڈز میں اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مشن کے وفد اور پاکستانی حکام کے مذاکرات میں پالیسی اور اصلاحات پر قابل ذکر پیشرفت ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی معیشت کی آؤٹ لُک مجموعی طور پر پہلے جائزے کے ہم پلہ رہی ہے، اس کی اقتصادی سرگرمیوں میں استحکام آیا ہے۔

تازہ ترین