پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز میں اب چند دن ہی رہ گئے ہیں، پورے ملک میں شائقین کرکٹ کی طرح قومی سیاستدان بھی پی ایس ایل بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ لاہور قلندرز کی جیت کے لیے پُرامید ہیں جبکہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد نئی تاریخ رقم کرے گا۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، پاکستان سپر لیگ کے آغاز کے ساتھ ہی چوکوں اور چھکوں کی برسات، یارکر، گگلی، ایکشن اور ری ایکشن یہ سب کچھ شرو ع ہوجائے گا، جس کے لیے شائقین کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاستدان بھی تیار ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پورے ملک کی طرح وہ بھی ایکشن سے بھرپور پی ایس ایل میچز کے لیے بے تاب ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی حنا پرویز بٹ کہتی ہیں کہ انہیں بھی کرکٹ سے پیار ہے اور وہ لاہور قلندرز کی سپورٹر ہیں۔
سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی لاہور قلندرز کے چاہنے والوں میں سے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ اس بار پی ایس ایل ٹائٹل لاہور قلندرز جیتے۔
پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا، جس میں 36 غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے۔
20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والےٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔
34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔