• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنامئیر کراچی لانے کیلئے پی پی کی حکمت عملی،2اضلاع لیاری اور گڈاپ ہونگے

کراچی(رپورٹ/رفیق بشیر)حکومت سندھ نے کراچی میں مزید دو اضلاع بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں اضلاع کے دائرے اور رقبے کے تعین کے لئے حکومت سندھ نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایات جاری کردی ہیں ،بورڈ آف ریونیو کے معتبر ذرائع کے مطابق دو اضلاع میں ایک ضلع’’گڈاپ‘‘دوسرا ضلع’’لیاری‘‘ ہوگا ،صوبائی وزیر نے نام نہ شائع کرنے کی ضمانت پر بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسے اشارے مل رہے ہیں جس سے یہ محسوس ہورہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہوجائینگے، اس صورتحال میں پیپلز پارٹی نے صوبائی حکومت کے ذریعے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے لئے نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے ، جس کے تحت کراچی میں مزید دو اضلاع بنا دئیے جائیں ، اس سے سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کو توقع ہے کہ دونوں نئے اضلاع میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت جیت جائے گی ، اور پیپلز پارٹی کے کھاتے میں مزید دو میونسپل کمیٹیاں اور ان کے چیئر مین آجائیں گے،جس کے بعد مئیر کراچی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرسکتی ،صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں دو نئے اضلاع بنانے کی منصوبہ بندی تو پرانی ہے لیکن اس پر سنجیدگی سے عمل کرنے کے لئے اب ہوم ورک شروع کردیا گیا ہے،اس سلسلے میں بوڑڈ آف ریونیو کے افسران سے جب معلومات حاصل کی تو ان افسران نے کراچی میں دو اضلاع بنانے کی تصدیق کی، اور بتایا کہ ’’گڈاپ‘‘ ضلع کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے بائیں سڑک سے شروع ہوگا ، ’’گڈاپ‘‘ ضلع میں الااصف اسکوائر، گلشن معمار، گڈاپ سٹی ،ڈریم ورلڈ کے کے اطراف کے گوٹھ اور آبادیاں، ناردرن بائے پاس، بحریہ ٹاون ، اور ڈی ایچ اے سمیت موٹر وئے کے بائیں اطراف کی تمام آبادیاں شامل ہونگی ، جبکہ موٹر وئے کے دائیں اطراف کی تمام آبادیاں ، گوٹھ ضلع ملیر کا حصہ رہینگی، اسطرح ’’لیاری ‘‘ضلع میں لیاری ، کیماڑی، کراچی پورٹ، مچھر کالونی،کراچی فش ہاربر، ہاکس بے ، کینپ، میڈیا ٹاون، نیول کالونی ، ہاکس بے ٹرک اڈہ،جاوید بحریہ سوسائٹی ، مشرف کالونی، ہاکس بے کے تمام ہٹ، نیٹی جیٹی سڑک جوکیماڑی تک جارہی ہے اس کی سڑک بائیں سائیڈ کی آبادیاں اور تجارتی علاقے ضلع ساوتھ میں ہونگے ، جبکہ بائیں سائیڈ کا اطراف ’’لیاری‘‘ ضلع میں ہوگا،افسران نے بتایا کہ لیاری اور گڈاپ اضلاع کے لئے ڈسٹرکٹ میونسپل کمیٹی ، ڈپٹی کمشنر اور اضلاعی دفاتر قائم کرنے کے لئے عمارتوں اور جگہ تلاش کی جارہی ہے۔
تازہ ترین