وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر صوبے کے پاس این ایف سی کا بہت پیسہ ہے، این ایف سی شیئر کے تحت پنجاب کو سب سے کم حصہ ملتا ہے۔
لودھراں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے پاس جتنا پیسہ ہے وہ عوام پر لگ رہا ہے، جو صوبے کہتے ہیں پنجاب کے پاس بہت پیسہ ہے وہ اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو پروٹوکول سے فرصت نہیں، ان کے صوبے میں عوام بھوکی مر رہی ہے اور سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2026 پنجاب کے نوجوانوں کا سال ہوگا۔ نوجوانوں کے لیے وہ کام ہوں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی۔ میں پنجاب کے نوجوانوں کے خواب بکھرنے نہیں دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں 80 ہزار طلبا کو اسکالر شپس دیں۔ ایک سال میں سوا لاکھ گھر بن رہے ہیں۔ شہر ہوں یا دیہات، ’ستھرا پنجاب‘ کے اہلکار صفائی کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سی سی ڈی اچھا کام کر رہی ہے، پنجاب کو جرائم سے پاک کر رہے ہیں، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم ان کی ’ریڈ لائن‘ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہراسگی کے معاملے پر پولیس فوری ایکشن لیتی ہے۔ جو امن مرد وزرائے اعلیٰ قائم نہیں کر پائے، وہ خاتون وزیراعلیٰ نے کر دکھایا ہے، پنجاب اب خواتین کے لیے محفوظ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، بدلے میں انتشار، مارو، پولیس والوں کے سر پھاڑ دو نہیں چلے گا، پاکستان نے بہت بیانیہ بیانیہ کا کھیل کھیل لیا، اب ملک اپنے ٹریک پر واپس آگیا ہے۔