• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقبل میں غربت ختم ہوجائے گی، پیسہ بچانے کی ضرورت نہیں رہے گی: ایلون مسک کی پیشگوئی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے پیشگوئی کی ہے کہ مستقبل میں غربت مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور لوگوں کو پیسہ بچانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ 

ایلون مسک کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور روبوٹکس کی ترقی کے نتیجے میں ’یونیورسل ہائی انکم‘ ممکن ہو جائے گی جس سے ہر فرد کو مالی تحفظ حاصل ہوگا۔

ایلون مسک نے اپنے ان خیالات کا اظہار ارب پتی سرمایہ کار رے ڈالیو کے ایک بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا ہے۔

رے ڈالیو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعارف کردہ ’ٹرمپ اکاؤنٹس‘ منصوبے کی حمایت کی تھی جس کے تحت امریکی نوزائیدہ بچوں کے لیے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے جائیں گے۔

ایلون مسک نے رے ڈالیو کی ٹوئٹ کے جواب میں ایکس پر لکھا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے لیکن مستقبل میں غربت باقی نہیں رہے گی، اس لیے پیسہ بچانے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ 

اِن کا کہنا تھا کہ ہر شخص کو ’یونیورسل ہائی انکم‘ حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ایلون مسک نے حیران کُن خیالات کا اظہار کیا ہو۔ 

وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اے آئی اور روبوٹکس اتنی پیداوار بڑھا دیں گے کہ روایتی ملازمتوں کی ضرورت کم ہو جائے گی اور دولت عام ہو جائے گی۔

ان کے مطابق مستقبل میں پیسہ بھی آکسیجن کی طرح ہو سکتا ہے جو سب کو آسانی سے میسر ہو۔

ٹرمپ اکاؤنٹس کیا ہیں؟

’ٹرمپ اکاؤنٹس‘ امریکا کا ایک نیا وفاقی منصوبہ ہے جس کے تحت امریکی حکومت نوزائیدہ بچوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی۔ 

اس پروگرام میں والدین کے اپنے بچوں کے اکاؤنٹ کھولنے پر حکومت کی جانب سے ایک بار 1,000 ڈالر دیے جائیں گے جو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی صورت میں رکھے جائیں گے۔

اس منصوبے کا مقصد بچوں کو 18 سال کی عمر میں تعلیم، کاروبار یا گھر خریدنے جیسے اخراجات کے لیے مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید