• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی بحران کے شکار کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں2پرنسپل مقرر

کراچی(سید محمد عسکری) مالی بحران کے شکار کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج( کے ایم ڈی سی) میں ریٹائرڈ پرنسپل سید محمود حیدر کو پرووسٹ مقرر کرنے کے بعد کالج میں دو پرنسپل مقرر کردیئے گئے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایک پرنسپل ڈینٹل کالج کے لیے جبکہ دوسرا میڈیکل کالج کیلئے ہوگا۔ ریٹائرڈ پرنسپل کو پرووسٹ اور دو پرنسپل مقرر کرنے کا اقدام ایسے وقت کیا گیا جب بلدیاتی حکومت کو ختم ہونے میں 6 ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق اورتھوڈینٹیکس شعبہ کے سربراہ پروفیسر سید شیراز حسین کو ڈینٹل کالج کا پرنسپل اور وائس پرنسپل پروفیسر ارشد شیخ کو میڈیکل کالج کا پرنسپل مقرر کیا گیا جو آئندہ ماہ کے پہلے عشرے میں ریٹائر بھی ہوجائیں گے۔ جنگ کو پرووسٹ سے متعلق موصول ہونے والی سمری سے معلوم ہوا ہے دونوں پرنسپلز بے اختیار ہوں گے اور اصل قوت پرووسٹ کے پاس ہوگی سمری میں کہا گیا ہے کہ پرووسٹ ادارے کا چیف ایگزیکٹو/ تعلیمی افسر ہوگا۔ پرنسپل کا سیکرٹریٹ اور عملہ مجوزہ یونیورسٹی کے سیکرٹریٹ میں بدل جائے گا جبکہ میڈیکل اور ڈینٹل کالج دونوں پرنسپلز کے لئے علیحدہ سیکرٹریٹ ہوگا۔ پرووسٹ، گورننگ باڈیز کے تمام اجلاسوں میں شریک ہوسکے گا اور جہاں ضروری ہوگا مشورے دے سکے گا۔ پرووسٹ گاڑیوں، پی او ایل، سیکورٹی گارڈز اور ڈرائیورز کے حوالے سے الائونس جاری کرسکے گا اور یونیورسٹی سے متعلق اخراجات منظور کرسکے گا۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ مناسب احکامات کے اجراء کی خاطر معاملات چیئرمین کو بھیجنے کیلئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے پرنسپلز پرووسٹ کے ساتھ پیشگی مشاورت سے فیصلے کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 15 سال سے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنانے کا سلسلہ چل رہا تھا جس کا آٖغاز سابق گورنر عشرت العباد خان کے دور سے ہوا تھا اس دوران ڈائو میڈیکل کالج اور سندھ میڈیکل کالج میڈیکل جامعات میں تبدیل ہوگئے مگر کے ایم ڈی سی کا معاملہ رک گیا بعد ازاں اسے کے ایم ڈی سی کی گورننگ باڈی سے منظوری کے بعد کراچی یونیورسٹی کا ذیلی کالج کا درجہ بھی دے دیا گیا لیکن مالی اور انتظامی اختیارات کے خدشے کے پیش نظر اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کرادیا گیا اور ایک بار پھر اسے یونیورسٹی بنانے کو ششیں شروع کردی گئی ہیں۔واضح رہے کہ کے ایم ڈی سی کے لئے پرووسٹ کا عہدہ نیا ہے جامعہ کراچی میں یہ عہدہ برسوں سے موجود ہے مگر جامعہ کراچی میں پرووسٹ طلبہ کے ہاسٹل کا سربراہ ہوتا ہے۔
تازہ ترین