• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریحام رفیق کا ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ریحام رفیق نے ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے ڈپریشن پر ناصرف کھل کر بات کی بلکہ اپنی جدوجہد سے بھی آگاہ کیا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے اداکارہ ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے سبب سوشل میڈیا سے دور ہیں۔ تاہم حال ہی میں انہوں نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختلف تصاویر پر مشتمل مختصر ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں ذہنی تناؤ سے لڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میں یہ ذاتی لمحات ہمدردی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ آگاہی کے مقصد سے شیئر کر رہی ہوں۔

ان کے مطابق ذہنی صحت کوئی ڈرامہ یا وقتی دکھاوا نہیں بلکہ ایک تکلیف دہ اور انتشار سے بھرپور کیفیت ہے، جس میں بعض اوقات انسان یوں محسوس کرتا ہے کہ وہ خود کو بمشکل سنبھال پائے۔

اداکارہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی ذہنی مشکلات کا اظہار کرے تو اس کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں، اسے سنجیدگی سے لیا جائے اور اسے مناسب ماحول فراہم کیا جائے۔

ریحام رفیق کا کہنا ہے کہ میں طنز یا تنقید کی پرواہ کیے بغیر ذہنی صحت پر بات کرتی رہوں گی، کیونکہ دنیا کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ یہ حقیقت میں کیسا ہے۔

انہوں نے اس سفر کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور مداحوں کی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ریحام رفیق کی جانب سے شیئر کردہ پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متعدد صارفین ان کی صحت یابی اور حوصلے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید