• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت آئی ٹی ٹیسٹ، گورنر سندھ مہمان خصوصی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے پاکستان کو آئی ٹی حب بنانے کی جانب ایک اور عملی قدم اُٹھایا ہے اور اتوار کو آئی ٹی کورسز کیلئے گرینڈ انٹری ٹیسٹ اور تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ مجھے یقین ہے ان طلباء میں سے ہی مستقبل کے اسٹیو جابز اور بل گیٹس پیدا ہوں گے جبکہ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ و ممتاز روحانی و سماجی شخصیت مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ شعبہ آئی ٹی پاکستان کا قرض اُتارے گا،تفصیلات کے مطابق سیلانی ویلفیئر کے تحت اتوار کو آئی ٹی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہاکی اسٹیڈیم میں کیا گیا ، چیئرمین آباد محسن شیخانی اور سابق گورنر سندھ جنرل ریٹائرڈ معین الدین حیدر نےبھی شرکت کی،ٹیسٹ میں 7 ہزار سے زائد بچوں نے حصہ لیا ، ٹیسٹ پاس کرنے والے بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف کورسز کی تربیت دی جائے گی،کورس مکمل کرنے والے افراد فری لانسنگ کے ذریعے ہزاروں ڈالرز کا زرمبادلہ کما سکیں گے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا زبردست پروگرام ہے جو کہ مخیر حضرات کے تعاون سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام شروع کیا گیا ہے اور اس پروگرام کے لئے اداروں کا تعاون قابل تحسین ہے،انہوں نے انٹری ٹیسٹ میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں پر پیسا خرچ کیا جارہا ہے اس امید کے ساتھ کہ آپ آگے چل کر ملک کی خدمت کریں گے،ایک پیسہ خرچ کئے بغیر یہاں سیلانی لاکھوں بچوں کو تعلیم دے رہا ہے سیلانی کا مشن یہی ہے کہ کامیاب ہونے والے بھی قوم کے اس پیسے کو دیانت سے استعمال کریں گے،پاکستان کے 40؍ فیصد طلباء گریجویشن کے بعد پاکستان چھوڑنے کا خواب دیکھنے لگتے ہیں یہ غلط سوچ ہے خدارا اسے ختم کریں ، عمران خان کی حکومت کو یقین ہے کہ پاکستان کے نوجواں ہی پاکستان کو آگے لے جاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آپ کو اب موقع دے رہی ہے آپ اپنے اوپر بھروسا رکھیں بڑے خواب دیکھیں، بڑے خواب دیکھنے والوں کا لوگ مذاق تو اڑاتے ہیں مگر خواب بڑے اور آگے ،گورنر سندھ نےکہا کہ انھیں ہاکی اسٹیڈیم کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوا بچپن اسی اسٹیڈیم میں ہاکی کے میچز دیکھتے اور کھیلتے گزرا، محمد بشیر فاروقی نے کہا کہ سیلانی مفت تعلیم دینے کے مشن پر گامزن ہےاور اس کے ادروں کا تعلیمی معیار بہت ساری یونیورسٹیز سے بھی اعلیٰ ہے انھوں نے کہا کہ ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی سرپرستی بھی سیلانی ویلفیئر کررہا ہے، تھرپارکر کے بچے آئی ٹی کے شعبے میں سیلانی کی مدد سے آگے بڑھ رہے ہیں، ملک کا قرضہ آئی ٹی کے شعبہ سے ہی اتارا جائے گا اور آئی ٹی کے ماہر سیلانی ویلفیئر سے نکلیں گے۔

تازہ ترین