کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ وطن عزیز سے وفاداری ہمارے کارکنان کے خمیر میں شامل ہے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے عزائم کو کمزور نہیں کرسکتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں تحفظ آئین پاکستان جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں بلال کالونی کورنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر محمد اسلم غوری، مولانا عبدالکریم عابد، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی، مولانا محمد غیاث، سمیع الحق سواتی، مولانا امین اللّٰہ، مفتی عبدالحق عثمانی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا فاروق خلیل، مفتی کفایت اللّٰہ، قاری خطیب شاہ، قاری گل محمد علیزئی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے، مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا آزادی مارچ کارواں اب اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہاہے، 27 فروری کو اسلامیہ کالج کراچی کے سامنے تحفظ آئین پاکستان جلسہ عام وطن عزیز کے آئین سے کھلواڑ کرنے والی طاقتوں کیخلاف سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ جلسہ عام آئین پاکستان کے بقاء کا ضامن اور زبردست عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، قوم کو مہنگائی کا مزید بوجھ برداشت کرنے کا متحمل نہیں کیا جاسکتا۔