• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرونس نوشینہ مبارک کی کارکردگی پر فخر ہے، رتھ ڈیوڈ سن

 گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی کی سابق چیئر پرسن رتھ ڈیوڈ سن نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں بیرونس نوشینہ مبارک کی بریگزٹ کے سلسلہ میں خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے، رتھ ڈیوڈ سن نے کہا کہ نوشینہ مبارک نے برطانیہ کے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات میں اسکاٹ لینڈ اور اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی کی نمائندگی کی اور کئی سال تک اپنے فرائض بڑی تندہی اور محنت کے ساتھ ادا کیے، ہمیں ان کی کارکردگی پر انتہائی فخر ہے۔ وہ ایک اعلیٰ ترین صلاحیتوں کی مالک، تجربہ کار اور نہایت باوقار خاتون ہیں، جن میں حالات کو بدلنے اور پانسہ پلٹنے کی صلاحیت ہے، وہ ایک مکمل رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، ہائوس آف لارڈز کی ممبر نوشینہ مبارک نے ان ریمارکس پر رتھ ڈیوڈ سن کا شکریہ ادا کیا ہے، نوشینہ مبارک نے اسکاٹش عوام سے کہا کہ ہم سب کا مفاد ایک متحد اور مضبوط برطانیہ میں ہے، جس کے لیے اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی پیش پیش ہے اور علیحدگی پسندوں کے خلاف پوری قوت سے لڑ رہی ہے۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی کا متبادل صرف کنزرویٹو پارٹی ہے اور وہ2021ء کے اسکاٹش پارلیمنٹ کے الیکشن آزادی کے ایک نئے ریفرنڈم کے نام پر لڑنا چاہتے ہیں، ہمیں اب کی نئے ریفرنڈم کی ضرورت نہیں، کیونکہ اسکاٹ لینڈ کے عوام2014ء میں اس بارے میں واضح فیصلہ دے چکے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ اسکاٹش پارٹیاں پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوام کے اصل مسائل تعلیم اور صحت پر توجہ دیں۔  
تازہ ترین