• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، سیکریٹری جنرل انتونیو

کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے


اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے‘کشمیرسے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے۔

مذاکرات ہی مسئلے کا حل ہیں ،کنٹرول لائن پر صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، دونوں ملکوں میں امن کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کر سکتا ہے، افغان مہاجرین کو باعزت واپس چلے جانا چاہئے۔

کرتارپورراہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت اورپاکستان کی امن کوششوں کا مظہر ہے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کو ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے‘پاکستانی قوم اور کشمیری عوام حق خودارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں‘امید ہے سلامتی کونسل ان کا قانونی‘ جائز اور جمہوری حق رائے دہی انہیں جلد فراہم کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ترقیاتی اہداف اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تقریب سے خطاب ، وزیر خارجہ سے ملاقات اور بعد ازاں مشترکہ پر یس کانفرنس میں کیا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کشمیر پر دو طرفہ فوجی مبصرین کی رسائی ہونی چاہئے تھی‘ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں قدرتی آفات کے باعث پاکستان میں 10ہزار اموات ہوئیں ‘ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں‘ماحولیاتی تبدیلی میں ہمیں ایمرجنسی صورتحال کا سامنا ہے۔

پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں‘پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے کاوشیں کر رہا ہے‘ترقیاتی اہداف کیلئے کاوشوں اور کام کو تیز کرنا ہوگا‘غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔

تازہ ترین