نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت میں مدرسہ دارالعلوم دیوبند نے ’بھارت ماتا کی جے‘ کہنے کیخلاف فتویٰ جاری کر دیا ہے۔ بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ’بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ لگانے کی بحث میں درس گاہ دارالعلوم دیوبند شامل ہوگیا ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے فتویٰ میں مسلمانوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اس نعرے سے باز رہیں کیونکہ یہ بتوں کی پوجا کے مترادف ہے جو کہ اسلامی عقائد کے خلاف ہے۔پی ٹی آئی کے مطابق دارالعلوم دیوبند نے کہا ہے کہ انہیں نعرے کے مسئلے کے بارے میں ہزاروں کی تعداد میں سوالات پوچھےگئے اور دارالعلوم دیوبندنے فتویٰ جاری کیا ہے کہ ’بھارت ماتا کی جے‘ کہنا اسلام سے مطابقت نہیں رکھتا اور ایسا نہیں کہنا چاہئے۔