• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت صدیق اکبرؓ کی اسلام کیلئے قربانیاں مثالی ہیں، پیرعبدالقادر شاہ جیلانی

بریڈ فورڈ (جنگ نیوز) حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللّٰہ عنہ، خلیفہ رسولؐ اور اصحاب رسولؐ میں افضل ترین شخصیت ہیں۔ آپؓ کی قربانیاں مثالی اور آپؓ کی محبت رسولؐ لازوال تھی۔ آپ ؓنے رفاقت رسولؐ کا ایسا حق ادا کردیا کہ خود سرکار دو عالمؐ نے فرمایا کہ ابوبکر صدیقؓ کے مال نے جتنا نفع دین کو دیا، اتنا کسی کے مال نے نہیں دیا۔ نیز ابوبکرؓ کے احسانات کا بدلہ قیامت کو اللّٰہ کریم ہی عطا فرمائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اسلامی اسکالر ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ جیلانی نے ’’صدیق اکبر کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس مسجد ’’یا رسول اللّٰہ‘‘ بریڈ فورڈ میں پیر سید افضال حسین شاہ بخاری کی زیر نقابت منعقد ہوئی۔ انجمن قادریہ جیلانیہ نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر صدارتی خطبہ دیتے ہوئے پیر ڈاکٹر سید عبدالقادر جیلانی نے صدیق اکبرؓ کی اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے گراں قدر خدمات اور منکرین زکوٰۃ کا قلع قمع اور ختم نبوت کے عقیدہ کے فروغ نیز سرحدات اسلامی کی حفاظت کے لیے آپؓ کی استقامت کا تفصیل سے ذکر کیا۔ مرکزی جماعت اہل سنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے صدر پروفیسر علامہ سید احمد حسین شاہ ترمذی نے کہا کہ صدیق اکبرؓ کی شان و فضلیت خود سرور عالم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے قول، عمل اور تقریر سے ثابت ہے۔ کانفرنس میں علما اہل سنت اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دیگر علما میں پیر سید انور حسین شاہ کاظمی، خلیفہ پیر عبدالرحمن قادری، مولانا حمزہ حسین قادری، پیر سید اسرار حسین بخاری ، مفتی محمد خان قادری، پیر سید زین العابدین، صاحبزادہ سید محمد حیدر ترمذی، الشیخ محمد عمر رمضان قادری، الحاج صوفی محمد حسین طارق، صاحبزادہ ذیشان قادری کے علاوہ متعدد علما و مشائخ و سادات کرام نے کثیر تعداد میں صدیق اکبرؓ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اختتام تقریب پر ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق، کشمیر و فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مولانا طارق مجاہد جہلمی مرحوم اور قاری محمد زمان قادری مرحوم کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

تازہ ترین