• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کے لیے صحت مند عمارت (Healthy Building)سے مراد وہ عمارت سازی ہے، جس کے تحت ایسی عمارتیں بنائی جائیں جو لوگوں کی جسمانی، نفسیاتی اور معاشرتی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے موزوں ہوں۔ صحت بخش عوامل کے ساتھ بننےوالی عمارتیں اس لیے بھی ضروری ہیں کہ لوگ اپنا زیادہ تر وقت گھر کے اندر ہی گزارتے ہیں۔

صحت مند عمارتوں کو گرین بلڈنگ کے تسلسل کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جس میں نہ صرف ماحولیاتی ذمہ داری اور وسائل والی مؤثر عمارت کے تصورات شامل ہیں بلکہ ’’عمارتوں میںصحت، تندرستی اور انسانی تجربے‘‘ کو بھی ضم کیا گیا ہے۔ ان فوائد میں ’’غیر حاضری اور صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کو کم کرنا، اور انفرادی و تنظیمی کارکردگی کو بہتر بنانا ـ‘‘ شامل ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ برس ہارورڈ یونیورسٹی کے اسکول آف پبلک ہیلتھ نے آب و ہوا، صحت اور عالمی ماحولیات کے اپنے مرکز کو دوبارہ فعال کیا ہے۔ اس مرکز میںڈاکٹر جوزف کے اقدامات برائے صحت مند عمارات (Dr. Joseph Allen’s Healthy Buildings Initiative)کا شعبہ قائم کیا گیاہے، جس کی باگ ڈور ڈاکٹر جوزف ایلن نے بحیثیت شراکت دار اور ڈائریکٹر سنبھالی تھی۔ ان کا نصب العین ہے کہ ’’ لوگوںکی زندگی میں ہر دن، ہر عمارت میں، ہر جگہ بہتری لائی جائے‘‘۔ اس پر عمل درآمد کے لیے ادارہ اس بارے میں تحقیق کر رہا ہے کہ آج کی تعمیر کردہ عمارتیں ماحول، لوگوں کی صحت، پیداواری صلاحیتوں اور بہبود پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں۔ 

نیز مستقبل میں تعمیر ہونے والی عمارتیں صحت مند زندگی گزارنے میں ہماری مدد کیسے کرسکتی ہیں۔ ان کی شرائط کی وضاحت اور تحقیق کو ادارے سے باہر کے لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی تاکہ ان کے کام کو سمجھنے اورتعمیر ی عمل میں سفارش کردہ عوامل کو شامل کیا جاسکے۔ اس حوالے سے صحت مند عمارتوں کی ٹیم نےجانفشانی سے ایک فہرست جاری کی ہے، جس میں عمارت کو صحت افزا بنانے کی آسان تفصیل دی گئی ہے۔

وینٹی لیشن

بیرونی ہوا کے لیے وینٹی لیشن کی معیاری شرح کی رہنما ہدایات پر پورا عمل کیا جانا چاہئے بلکہ اس سے بھی بڑھ کر انتظام کیا جانا چاہئے۔ کمرے میں پہلے سے موجود ہوا (Recirculated) اور باہر سے آنے والی ہوا کو فلٹر کیا جانا چاہئے تاکہ چھوٹے ذرات بھی مؤثر طریقے سے ختم ہوجائیں۔ باہر سے آنے والی ہوا کی مقدار کو آلودگی سے دور رکھنا چاہئے۔

ہوا کا معیار

کم کیمیائی اخراج والے مٹیریل اور فرنشنگ کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ بخارات کے اڑنے یا پھیلنے کے عمل کو مسدود کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے ضروری ہیں۔ ناگوار بُو کو قابو کرنے کے لئے نمی کی سطح کو بھی مستحکم کرنا ضروری ہوتاہے۔

تھرمل ہیلتھ

عمارت میں حرارت یا گرمائش کو آرام دہ حالات کے معیارات کے مطابق رکھناچاہئے، ساتھ ہی دن بھر درجہ حرارت اور نمی کی مستقل سطح کو برقرار رکھنا چاہئے۔

نمی

عمارت کے چاروں اطراف سے داخل ہونے والی نمی کے ذرائع یا سوراخوںکوتلاش کرکے انہیں بند کرنے کی ضرورت ہے۔ پھر بھی اگر نمی عمارت میں داخل ہو رہی ہے یا عمارت میں موجود ہے تواس کا تدارک کرنے کے لئے باقاعدہ معائنہ کیا جانا چاہئے۔

دھول مٹی اور حشرات

دیواروں اورسطحوں کو باقاعدگی سے صاف اور خالی کرنا چاہئے۔ کیڑوں کے مسائل سے بچنے کے لئے کچھ اقدامات لینے چاہئیں جیسے کہ اینٹری پوائنٹس کو سیل کرنا، نمی بڑھنے کے عوامل کو روکنا اور کوڑے دان کو باربار خالی کرنا۔

حفاظت اور تحفظ

کافی روشنی، ویڈیو مانیٹرنگ، نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع دینے والے آلات، آگ سے بچائو کے لیے حفاظتی اقدامات اور ہنگامی ایکشن پلان کو برقرار رکھ کر تحفظ کے تمام ترخدشات کو کم اور عمارت کےرہائشیوں کے ذہنی تنائو کو کم کیا جاسکتا ہے۔

پانی کامعیار

پانی کی آلودگی کو ختم کرنے کے لئے اسے صاف کرنے کے نظام (filteration) کے ساتھ باقاعدگی سے جانچ کر اس کے معیار کو برقرار رکھنا چاہئے۔ پائپوں میں پانی جمنے کے خلاف بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔

شورو غُل

بیرونی شوروغُل سے تحفظ اور گھر کے اندر شور پر قابو پانے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ بیرونی ذرائع یا پس منظر کا شور 35ڈی بی سےکم ہونا چاہیے۔ دیواریں اور کمرے سائونڈ پروف ہوں تو زیادہ بہتر ہوگا۔

روشنی کا انتظام

بیرونی کھڑکیوں سے سورج کی روشنی براہ راست (خاص طورپر سردیوں کے موسم میں ) اندر آنی چاہئے۔

ان عوامل کی نشاندہی کرنے کے بعد ٹیم وضاحت کرتی ہے کہ عمارت کے افعال کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے اور ان عوامل کی جانچ کرنے یا ان کا اندازہ لگانے کیلئے پر فارمنس میٹرکس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ان کی ویب سائٹ پر دستیاب 36 صفحوں کی مکمل رپورٹ میں ٹیم ان مخصوص طریقوں کو آشکار کرتی ہے، جن کا انسانی صحت پر اثر پڑتا ہے۔ ٹیم ان عوامل کے پیچھے بنیادی سائنسی وجوہات کی بھی وضاحت کرتی ہے۔ اس رپورٹ میں وہ لنک بھی موجود ہیں جن کےپرائمری لٹریچر پر تحقیق کی بنیاد ہے۔ مزید یہ کہ اس ٹیم کی رپورٹ میں عمارت کے ڈیزائن کے صحت مند عوامل کے حوالے سے مخصوص مشوروں سمیت رہنما خطوط بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین