• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبروں میں تبدیلی کا معاملہ، تحقیقات کا حکم

فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبروں میں تبدیلی کا معاملہ، تحقیقات کا حکم


وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبروں میں تبدیلی کا معاملہ سنگین ہو گیا،حکومت پنجاب نے امیدوار کے نمبر بڑھانے کے الزام میں راولپنڈی بورڈ کے کلرک سے چیرمین تک آٹھ ملازمین کو چارج شیٹ جاری  کر دی، گریڈ بیس کے سینئر افسر حسن اقبال کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کردیا گیا۔

راولپنڈی بورڈ میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے پریکٹیکل نمبروں میں تبدیلی کس کے کہنے پر اور کیوں کی گئی، سیکریسی برانچ کے کلرک سے چیرمین تک کے آٹھ افسروں ا ور ملازمین کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے سیکرٹری ساجد ظفر نے نمبروں کی تبدیلی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے گریڈ 20 کے سینئر آفیسرحسن اقبال کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کر دیا۔

یاد رہے کہ فیاض الحسن چوہان کے بیٹے فہد حسن کے فزکس کے پریکٹیکل میں  نمبر 14 سے بڑھا کر 100 فیصد کئے گئےتھے۔ جیونیوز کی نشاندہی پر چیرمین راولپنڈی بورڈ نےابتدائی تحقیقات میں امیدوار کے نمبروں کی تبدیلی ثابت ہونے پر اضافی نمبر ختم کرکے اس کا نتیجہ جاری کردیا، اورفائل بند کر دی۔

تاہم محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے سیکرٹری ساجد ظفر نے راولپنڈی بورڈ میں بے ضابطگی کے اس انوکھے واقعے کاسخت نوٹس لیا، اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق جن آفیسرز اور ملازمین کو چارج شیٹ جاری کی گئی ان میں راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر غلام دستگیر، کنٹرولر امتخانات ملک محسن عباس، سیکرٹری ڈاکٹر تنویر ظفر سمیت ہیڈ ایگزامنر پروفیسر سیلم رمضان، سیکریسی برانچ کےمحمد مشتاق، زاہد محمود، طارق محمود اور محمد ظہور قریشی شامل ہیں۔

تازہ ترین