کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سُپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز ماڈل احمد گوڈیل نے کی جسے کرکٹ شائقین کی جانب سے بالکل پسند نہیں کیا گیا۔احمد گوڈیل ایک اداکار، ٹی میزبان، ڈی جے، وی جے اور ماڈل ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پراپنے ویڈیو پیغام میں احمد گوڈیل کا کہنا تھا کہ میں ایک نوجوان آرٹسٹ ہوں، جس کے خواب بہت بڑے ہیں، جو اپنے ملک کے لیے کچھ بڑا کرنے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی، پرچی نہیں ہوں آپ لوگوں میں سے ہی ایک بندہ ہوں جسے اللہ نے اتنی عزت دی کہ 22کروڑ عوام کے سامنے میزبانی کرسکوں۔ انہوں نے تقریب کو بُرا کہنے والوں سے کہا کہ پاکستان میں اس قسم کی تقریب کا ہونا ہی بہت بڑی بات ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے کہا کہ نفرت آمیز گفتگو سے اجتناب کریں، آپ لوگوں کی وجہ سے میں پوری رات نہیں سو سکا، سوشل میڈیا پر لوگوں کی مذاق مستی کی وجہ سے نوکری جا سکتی ہے، لوگوں کے منفی ردعمل سے میرے والدین کی بہت دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکسی کو میری آواز عمران خان جیسی یا میری ڈریسنگ شاہ رخ خان جیسی لگ رہی ہے تو اس میں میرا قصور نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اُن کی نظر کافی کمزور ہے ، اسٹیڈیم میں رنگین روشنیوں کی وجہ سے وہ کچھ دیکھنے سے قاصر تھے ، جس کی وجہ سے میرے لیے چشمہ پہننا لازم تھا۔ویڈیو پیغام کے آخر میں احمد گوڈیل نے کہا کہ مذاق اس وقت تک اچھا لگتا ہے جب تک وہ مذاق ہو، دنیا مکافات عمل ہے، عزت ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز احمد گوڈیل کے اندازبیان پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی اور سوشل میڈیا پر انہیں مکمل طور پر ایک مصنوعی بندہ قرار دیا گیا تھا۔