• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تشدد کیخلاف میونسپل کارپوریشن ملازمین کا آج احتجاج کا اعلان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، اپنے رپورٹر سے) صادق آباد کے علاقے میں کارپوریشن کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بناکر اغواء کی کوشش کرنے والے ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کرنے پر میونسپل ورکرز لیگ سی بی اے اور میونسپل لیبر یونین آج ہڑتال اور مظاہرہ کرینگی۔ دونوں یونینوں کے صدور حاجی فاروق خان اور راجہ ہارون رشید نے جمرات کے روز پیش آنے والے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایت کے باوجود ملزموں سے نرم رویہ برتا جا رہا ہے لہذا اگرایف آئی آر میں ترمیم کر کے قانون کے مطابق دفعات شامل نہ کی گئیں تو میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے ملازمین آج علامتی ہڑتال کرینگے ، دن ساڑھے گیارہ بجے دفتر کے باہر احتجاج ہوگا اور بعدازاں پریس کلب تک مارچ اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ کارپوریشن کے ملازمین نے جمعہ کے روز بھی علامتی ہڑتال کی تھی لیکن بعدازاں کمشنر راولپنڈی نے احتجاج کرنے والوں کو یقین دہانی کروائی کہ حملہ آوروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی لیکن رات گئے تک مقدمہ میں ترمیم اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی تصدیق نہ ہونے پر ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کے روز صادق آباد کے علاقہ میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرنے والے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر اغواء اور سرکاری گاڑی کو نذر آتش کرنے کی کوشش کرنے کے علاوہ قبضے میں لیا گیا سامان بھی واپس چھین لیا گیا تھا۔اپنے رپورٹر سے کے مطابق صادق آباد میں انٹی انکروچمنٹ عملہ پر دکانداروں کے تشدد کے واقعہ پر جمعہ کو کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور ملازمین کی تنظیموں کے مابین مذاکرات ہوئے۔میونسپل ورکرزلیگ(سی بی اے) کے صدر حاجی فاروق نے کمشنر راولپنڈی سے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے ملازمین کوتشددبنانے کے واقعہ پرایف آئی آر میں ترمیم کرنے ،دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کامطالبہ کیا جس پر کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ انہوں نے سی پی او سے بات کی ہے۔حاجی فاروق نے ملاقات کے بعد بتایا کہ اگرمطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے ملازمین قلم چھوڑ علامتی ہڑتال کرتے ہوئے احتجاج کادائرہ وسیع کرینگےاور راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ملازمین بھی احتجاج میں شامل ہوکر شہر سے کوڑا اٹھانا بند کردیں گے۔
تازہ ترین