• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس پرقابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او

کورونا وائرس پرقابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، ڈبلیو ایچ او


عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس پرقابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، متاثرہ ممالک وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید وسائل صرف کریں۔

ایران میں کورونا سے 4 ہلاکتوں کے بعد عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹرٹیڈروس نے ایران میں وائرس سے ہونے والی اموات اور انفیکشن کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق چین سے باہر 26 ممالک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1152 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایران میں سامنے آنے والے کیسز کا مرکزقم شہر ہے جبکہ لبنان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ایک 45 سالہ خاتون میں ہوئی ہے، ان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ قم سے بیروت پہنچی تھیں۔

متحدہ عرب امارات، اسرائیل اور مصر میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں، اس کے علاوہ کینیڈا میں کل 9 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایران سے کینیڈا پہنچنے والی ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے ایران اور لبنان کے پاس بنیادی سہولیات موجود ہیں جو وائرس کی تشخیص کرسکیں اور عالمی ادارہ صحت انہیں مزید معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کر رہا ہے، تاہم ایرانی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس شاید ایران کےتمام شہروں میں پہلے سے موجود تھا۔

رپورٹس کےمطابق چین کے باہر 26 ممالک میں اس وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1152 ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین