• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹماٹر کے کاشتکاروں کواب نقصان ہے،اسماعیل راہو

وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کے کاشتکاروں کواب نقصان ہے۔

محمد اسماعیل راہو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پیاز بیرون ملک ایکسپورٹ کرنے پر وفاق کے پابندی لگانے والے فیصلے کو مسترد کردیا ہے، پیاز بیرون ملک ایکسپورٹ کرنے پر پابندی لگانا مزدور اور زراعت دشمن پالیسی ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ ملک میں پیاز کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے، پیاز باہر بھیجنے سے ملکی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ وفاق سے پیاز بیرون ممالک ایکسپورٹ کرنے پر لگائی گئی پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالا والوں نے پیاز کے ایکسپورٹ پرپابندی لگا کر اپنی ناتجربےکاری ظاہر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نےایران سے ٹماٹر منگوا کر ملکی خزانےاور کاشتکاروں کو بڑا نقصان پہنچایا ہے، ٹما ٹر ایران سے منگوانے سے اب یہاں کے ٹماٹر 20 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں۔

اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ یوکرین سے منگوائی گئی گندم چار ماہ میں کراچی بندرگاہ پہنچے گی جو اب کسی کام کی نہیں، کیوں کہ اب سندھ کی گندم مارکیٹ میں آنا شروع ہوجائے گی، میرپورخاص اور دیگر اضلاع میں گندم کی فصل مارکیٹ میں آنا شروع ہوگئی ہے۔

اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ باہر سے گندم منگوانے سے سندھ کی گندم کی قیمت اوپن مارکیٹ میں کم ہوجائے گی، وفاق اہم فیصلے کرنے سے پہلے ہوم ورک کرلیا کرے، فیصلوں کے بعد یوٹرن لے لیا جاتاہے۔

تازہ ترین