پیرس کے نواحی علاقے سرسل میں یومِ ولادت سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراؓ کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی معروف مذہبی و روحانی پیشوا ڈاکٹر پیرسید کمال حسین شاہ تھے۔ تقریب میں نعت خواں حافظ رضوان سیالوی محمد طاہر اور جمال حسن نے کلام پیش کیا۔
ڈاکٹر سید کمال حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سیدہ فاطمہ زہرا کی زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں سیدہ پاک کی زندگی سے صبر، تحمل و محبت، برداشت اور سچے خلوص کے ساتھ ساتھ انسانیت، ذات اور فرقہ و مذہب سے بالا تر ہو کر سلوک کرنے کا درس ملتا ہے۔
اس روحانی تقریب میں سیّدہ پاک پر درود و سلام بھیجا گیا، اور سالگرہ کا کیک بچوں میں تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر پورے عالم میں امن و سلامتی اور پاکستان و فرانس کی ترقی و کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب سے خورشید ہاشمی، بلال امین، فیصل ہارونی، حافظ صدیق اور صوفی غلام محی الدین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے آخر میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔