• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی مصنوعی، حکومتی اقدامات سے کم ہوگئی، ذمہ داروں کو سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، عمران خان

صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی توجہ کے باعث اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے‘سبزیوں کی قیمتوں میں خاص طور پر کمی آئی ہے‘مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی نشاندہی اور ان کو سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل اورپاکستان کے حقیقی تشخص کو ملکی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق پیرکو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حکومتی توجہ کے باعث اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، سبزیوں کی قیمتوں میں خاص طور پر کمی آئی ہے۔ 

وزیراعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ قیمتوں کے مصنوعی اضافہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی اور ان کو سزادلانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ 

دریں اثناء بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اپنی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے‘ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے معاہدوں، بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالنے سے توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ا ستحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے معاونِ خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کے حقیقی تشخص کو ملکی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں۔ 

انہوں نے یہ ہدایت پیر کو یہاں ملک کا تشخص اور نئے پاکستان کی شناخت کو اجاگر کرنے کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ 

مزیدبرآں وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے آئندہ چھ ہفتوں میں وژن ماسٹر پلان ترتیب دینے کا عمل مکمل کیا جائے اور آئندہ مہینوں میں شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر ان کی سہولیات کے لئے پیشگی منصوبہ بندی اور انتظامات کیے جائیں۔ 

یہ ہدایات انہوں نے ملک میں ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے‘سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لئے کاروبار اور نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی ملکی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بریفنگ کے دوران کیا۔

تازہ ترین