• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا بھارت میں پاکستان کےساتھ دوستی کااظہار کرنا بڑی پیشرفت ہے،فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کا بھارت میں کھڑے ہو کر پاکستان کے ساتھ دوستی کا اظہار بڑی پیشرفت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹرمپ کا دہشتگردی کے خلاف ہمارے مثبت کردار کے اعتراف سے بھارتی بیانیہ دفن ہوگیا، ٹرمپ کا بیان قیام امن کے لیے ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی خطے اور بھارت میں نفرت، تعصب، جنگ کی آگ بھڑکانے کی بجائے دوستی کے پیغام اور اس کی طاقت کو سمجھے۔

فردوس عاشق اعوان نے بھارت میں جاری سٹیزن امینڈمنٹ بل کے خلاف مظاہروں سے متعلق کہا کہ امریکی صدر کی موجودگی میں شہریت بل پر احتجاج کرنے والوں پر بہیمانہ تشدد پوری دنیا کو حقیقت سے آگاہ کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ تعصب، انتہا پسندی اور جنگی جنون کی ذہنی بیماری میں کون مبتلا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا عالمی تشخص بہتر سے بہتر ہو رہا ہے، دنیا کا علاقائی اور عالمی امن کے لیے ہماری کاوشوں کا اعتراف پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے۔

انہون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک مسلمہ حقیقت ہے امید ہے کہ صدرٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ضرور بات کریں گے۔

تازہ ترین