• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ واپسی کا جشن، سلطانز کا ہوم کراؤڈ کو تحفہ، زلمی کو زیر کرلیا

 ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی


ملتان(نمائندہ جنگ)پی ایس ایل 5 میں ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی اور 12برس بعد ملتان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کا جشن اپنے ہوم کراؤڈ کے ساتھ مل کر منایا۔ 124رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطان کی ابتدائی 4وکٹیں 47رنز پر گر گئیں تو اس مشکل مرحلہ میں روسو اور خوش دل نے پانچویں وکٹ کیلئے 77رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ملتان سلطان کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ رائیلی روسو 49 رنز اور خوش دل شاہ 43رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پشاور زلمی کے وکٹ ٹیکر بولرز میں سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی اور راحت علی نے ایک ایک آئوٹ کیا۔ قبل ازیں ملتان سلطان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ تاہم پشاور زلمی کی اننگز کا اغاز اچھانہ تھا اوپنر ٹام بینٹن چار رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار ہوگئے۔ دوسری وکٹ 35رنز پر گری جب کامران اکمل15 کے انفرادی اسکور پر سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔41کے مجموعی اسکور پر محمد الیاس نےشعیب ملک کا کھاتہ بند کردیا وہ صرف 2رنزبناسکے، ان کے بعد آنے والے لائم کو اپنا کھا تہ کھولنے کا موقع ہی نہ مل سکا انہیں بھی الیاس نے پویلین کی راہ دکھائی ایسے میں حیدرعلی نے اسکور بورڈ کو چلایا مگر ان کی ہمت بھی مجموعی اسکور85پر جواب دے گئی انہوں نے دو چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47رنز بنائے۔ انہیں سہیل تنویر نے روسو کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا، وہاب ریاض دو چوکوں کی مددسے9 رنز بنا کر عمران طاہر کو وکٹ دے بیٹھے، لیام ڈوسن نے22رنز بناکر شاہد آفریدی کا شکار بنے۔ ڈیرن سیمی نے8،حسن علی اور راحت علی نے ایک رن سکور کیا وہ سہیل تنویر کے ہاتھوں آوٹ ہوئے،ٹیم 123 پر ہمت ہارگئی۔ مین آف دی میچ سہیل تنویر نے 13رنزکے عوض 4، محمدالیاس، محمد عرفان نے دو، دو جبکہ عمران طاہر اور شاہدآفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین