کراچی (این این آئی) سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو پاکستانی ابھی ایران میں موجود ہیں انھیں وہیں روکا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلقہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کوئی ایران جائے گا نہ ہی واپس آئے گا، جو لوگ ایران گئے ہیں اور ابھی واپس نہیں آئے انھیں وہیں روکا جائے گا۔اجلاس میں ایران سے آنے والے 1500 افراد کی فہرست بھی ڈپٹی کمشنر کو دی گئی، بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کا دیا گیا انفیکشن پری وینشن میٹریل اسپتالوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، 52000 ماسک اور 15000 دستانے سندھ کے اسپتالوں میں موجود ہیں۔اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریپڈ رسپانس کو ایران سے واپس آنے والوں کی فہرست مہیا کی گئی ہے، یہ فہرست ایڈوائزری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہے۔