نیویارک(این این آئی) امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے بتایاہے کہ واشنگٹن نے تہران کو کورونا وائرس سے متعلق تدارک کے لیے مدد کرنے کی پیش کش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ساتھ ہی انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تہران اس وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے ہاؤس کی خارجہ امور کی کمیٹی کو بتایا کہ ہم نے ایران کو مدد کی پیشکش کی ہے اور ہم دنیا اور خطے کے دیگر ممالک پر واضح کرتے ہیں کہ ایران میں کورونا وائرس کے خلاف مدد، انسانی امداد جیسی چیزوں سے امریکا پیچھے نہیں ہٹے گا اور مکمل طور پر مدد کرے گا۔تاہم انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ایران، وائرس کے پھیلاؤ کی شدت کے بارے میں تسلی بخش معلومات شیئر نہیں کر رہا۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ ایرانی عہدیداروں نے اس وائرس سے کم از کم ایک درجن اموات کا اعتراف کیا لیکن اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران میں صحت کے مراکز کا انفراسٹرکچر مضبوط نہیں ہے اور آج تک ایران کے اندر واقعی کیا ہو رہا ہے اس کے بارے میں معلومات دینے کے لیے تہران کی رضامندی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بہت تشویش ہے کہ ایران درکار معلومات فراہم نہیں کر رہا۔