• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: سیّد عزیز الرحمٰن

صفحات: ایک سو،قیمت: درج نہیں

ناشر: زوّار اکیڈمی پبلی کیشنز، ناظم آباد، کراچی۔

ہم میں سے ہر شخص کام یابی چاہتا ہے۔ کام یابی کسے کہتے ہیں؟ اِس پر مذہبی تصوّرات، سماجی حقیقتوں اور ذاتی رُجحانات کی بنا پر مختلف آرا ہو سکتی ہیں، تاہم بعض اُصول وضوابط ایسے ہیں کہ جن کی پابندی ہر طرح کی کام یابی کے لیے ضروری ہے۔جیسے مضبوط عزم، اُمید، صبر، جہدِ مسلسل، منصوبہ بندی، وسائل کا درست استعمال وغیرہ۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں کام یابی کے ضامن ایسے ہی 40 بنیادی اُصولوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ 

معروف علمی و روحانی خاندان کے چشم و چراغ، ڈاکٹر سیّد عزیز الرحمٰن، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی، اسلام آباد کے ذیلی شعبے، دعوۃ اکیڈمی، کراچی کے ریجنل ڈائریکٹر اور کئی کُتب کے مصنّف ہیں۔ اُنھوں نے اِس کتاب میں بھی اپنا روایتی اسلوب برقرار رکھا، جس میں سادگی، روانی اور الفاظ کا برمحل استعمال نمایاں ہے۔ جو بات جتنی کہنی چاہیے، اُتنی ہی کہی گئی ہے اور بہت عمدگی و خُوب صُورتی سے کہی گئی ہے، جس کے سبب محدود صفحات میں بھی ایک خزانہ جمع ہو گیا ۔ 

علمی لیکن عام فہم اسلوب نے اِس کتاب کو اسکول اور کالجز کے طلبہ کے لیے بھی انتہائی مفید بنا دیا ہے اور اگر اُنھیں اِسی عُمر میں کام یابی کے اِن اُصولوں سے آگہی حاصل ہوجائے، تو وہ زندگی کی بہت سی پُر پیچ راہوں پر بے سمت سفر سے بچ سکتے ہیں۔مصنّف کے بقول’’ یہ کتاب اُن کے نام ہے، جو اپنی ناکامیوں سے کام یابی کشید کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔‘‘ اور وہ ہنر کیا ہے؟ اس کا جواب کتاب میں موجود ہے۔ کتاب انتہائی سلیقے سے شایع کی گئی ہے۔ خُوب صورت طباعت اور معیاری کاغذ قاری کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔

تازہ ترین