واشنگٹن(آئی این پی)امریکی وزارت خارجہ نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ فوری تعاون کریں۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق واشنگٹن ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے پر کاربند رہے گا۔ مزید یہ کہ ایران کے حوالے سے ایٹمی توانائی کی حالیہ رپورٹیں باعث تشویش ہیں۔امریکی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ کوئی بھی نیا جوہری معاہدہ نگرانی کے مضبوط نظام پر قائم ہونا چاہیے۔ عالمی برادری پر لازم ہے کہ واضح طریقے اور ایک آواز ہو کر ایران کے ساتھ بات چیت کریں۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی جوہری سمجھوتوں کے متعلق پاسداریوں سے پیچھے ہٹنے پر ایران کا احتساب کریں۔اس سے قبل جمعرات کو ایران نے اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو ان کے مطلوبہ مقامات میں داخل ہونے سے روکنے کے متعلق اپنے فیصلے پر اصرار کیا۔ معائنہ کار وہاں سابقہ سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات کے جوابات کے خواہاں ہیں۔ ایرانی حکام کی طرف سے دعوی کیا گیا ہے کہ اس معائنے کے پیچھے اسرائیلی انٹیلی جنس کی "من گھڑت" معلومات ہو سکتی ہیں۔